ہنگو :موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیمی انقلاب برپا کرتے ہوئے حصول تعلیم پر اربوں روپے خرچ کئے، فرید خٹک

بہترین تعلیمی نظام کی فراہمی سے خیبر پختونخواہ کے نجی تعلیمی اداروں سے ایک لاکھ 81ہزار طلباء و طالبات نے سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلے لئے،صوبائی ایڈیشنل ڈائریکٹر خیبر پختونخواہ محکمہ تعلیم کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب

منگل 11 جولائی 2017 22:01

ہنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2017ء) صوبائی ایڈیشنل ڈائریکٹر خیبر پختونخواہ محکمہ تعلیم فرید خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیمی انقلاب برپا کرتے ہوئے حصول تعلیم پر اربوں روپے خرچ کئے ۔بہترین تعلیمی نظام کی فراہمی سے خیبر پختونخواہ کے نجی تعلیمی اداروں سے ایک لاکھ 81ہزار طلباء و طالبات نے سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلے لئے۔

والدین اور اساتذہ بچوں کی بہترین تعلیمی تربیت کے لئے روابط میں استحکام پیدا کرے۔وہ ضلعی حکومت ہنگوکے زیر اہتمام یونیورسٹی کیمپس ہنگو میں سالانہ میٹرک نتائج میں بہترین کارکردگی کے حامل طلباء و طلبات کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر چیئر مین کوہاٹ بورڈ عبد الرقیب ،ضلع ناظم مفتی عبید اللہ،ڈپٹی کمشنر احسان اللہ،ایم پی اے مفتی سید جنان ،سابق ایم پی اے عتیق الرحمان،ڈی ای او محمد شوکت و دگر افسران تحصیل و ڈسٹرکٹ کونسل ممبران اور علاقہ معززین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سال اول میں تعلیم کے شعبہ میںمعیار تعلیم بلند کرنے پر 118ارب،دوسرے سال 136ارب جبکہ روا ں سال 110ملین روپے خرچ کئے گئے۔جبکہ صوبے میں 10ہزار سکولوں میں پلی ایریا کے منصوبوں کے تکمیل کے ساتھ ساتھ تعلیم سے متعلق اگاہی اور تعلیمی ایمرجنسی کے تحت والدین اورعوام کو تعلیم کے فرد جرم سے بھی اگاہی دی گئیں۔فرید خٹک نے کہا کہ ضلعی افسران پی ٹی سی فنڈ سے کنٹریکٹ بنیادوں پر اساتزہ کی بھرتی کر کے سٹاف کی کمی کا مسئلہ حل کرائے جبکہ سال 2018تک تمام تر تعلیمی اداروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ضلع ناظم مفتی عبید اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی ماحول کو نقل سے پاک کرنے کے لئے ضلعی حکومت امتحانی مراکز میں 225سی سی ٹی وی کیمرے کی تنصیب پر 75لاکھ روپے کی خطیر رقوم خرچ کی گئی جو کہ نقل کی لعنت سے چھٹکارا پانے میں معاون ثابت ہوئی ۔چیئرمین کوہاٹ بورڈ عبد الرقیب نے کہا کہ رواں سال میٹرک امتحانات میں 73ہزار طلباء و طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ2015میں سالانہ نتائج کی شرح 68فیصد ،2016 میں 80فیصد جبکہ نقل سے پاک سالانہ امتحانات2017کے نتائج 74فیصد رہے جو کہ بڑی کامیابی کی ضامن ہے ۔انہوںنے کہا کہ بہترین امتحانی نتائج میں ضلعی حکومت،اساتذہ اور والدین کی کاوشیں خوش آئیند ہے ۔اس موقع پر ضلعی سطح پر 9thاور میٹرک امتحانات میں سرکاری سکولوں کے تین تین ٹاپ ٹین کامیاب امیدوار وں میں انعامی لیپ ٹاپس،جبکہ باقی ماندہ اعلی کارکردگی کے حامل 9thاور 10thمیں سات سات طلباء میں انعامات اور شیلڈ تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :