کراچی،لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک

․ مختلف کارروائیوں میں ایک منشیات فروش اور اسٹریٹ کرمنل سمیت5ملزمان گرفتار ، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر اسلحہ کا ذخیرہ پکڑا گیا

منگل 11 جولائی 2017 16:05

کراچی،لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2017ء) کراچی کے علاقے لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا ہے جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔لیاری میں دیگرکارروائیوں کے دوران 3ملزمان گرفتار جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمدکرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے واقع مرزا آدم خان روڈ پرملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ماراگیا جبکہ مقابلے میں پولیس کانسٹیبل محمدعلی بھی زخمی ہوگیا۔

زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کردیاہے ۔ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمدہواہے ۔ملزم کے دیگرساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری کے علاقے پھول پتی لین میں ایک اور کارروائی کی جس کے دوران لیاری گینگ وار کا اہم کارندہ اور منشیات فروش چھوٹا مسلم کوگرفتارکرلیاگیا۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے نے لیاری ہی کے علاقے آگرہ تاج سے 2 ملزمان گرفتارکرلیے۔ان دو ملزمان کی نشاندہی پر بڑی تعداد میں اسلحے کا ذخیرہ پکڑا گیا ہے، جس میں کلاشنکوفیں، 8ایم ایم رائفلیں، دستی بم اور گولیاں شامل ہیں۔ادھرسائٹ بی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی کی، اس دوران دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن کی شناخت آصف اور فاروق کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی، ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔