مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 برس شفافیت، خدمت اور دیانت کا منہ بولتا ثبوت ہیں،شہبازشریف

بعض سیاسی عناصرافراتفری پھیلانے کی سازش کررہے ہیں، دھرنا گروپ کی عوام دشمن پالیسیاں آشکار ہوچکی ہیں ماضی میں قومی وسائل پر ڈاکے ڈالے گئے، ترقی و خوشحالی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کا محاسبہ عوام کریںگے دھرنے اورلاک ڈائون ترقی کیخلاف ساز ش ،کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں الیکشن 2018ء میں باشعور عوام خدمت ،دیانت اور امانت کی سیاست کو پھر کامیاب کرائینگے،رکن قومی اسمبلی علی گیلانی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم این اے حنیف عباسی سے گفتگو

پیر 10 جولائی 2017 23:13

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 برس شفافیت، خدمت اور دیانت کا منہ بولتا ثبوت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی معاشی پالیسیوں سے ملک میںترقی کا عمل تیز ہوا ہے اوروزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میںمسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو مشن سمجھ کرآگے بڑھارہی ہے لیکن بعض سیاسی عناصر ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش کررہے ہیںاورایسے عناصرکی منفی سیاست کو باشعور عوام ہرموقع پر مسترد کرچکے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ دھرنا گروپ کی عوام دشمن پالیسیاںپوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہیںاورعوام کی ترقی کے مخالفین کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ، گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی علی گیلانی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق ایم این اے حنیف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں انتشار یا منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیںاور پاکستان کے عوام اپنے مسائل کا حل اور خوشحالی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کا محاسبہ عوام کریںگے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے سفرکو کامیابی سے آگے بڑھاتی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں اربوں روپے کے وسائل منصوبوں میں بچائے گئے ہیںجبکہ ماضی میں قومی وسائل پر ڈاکے ڈالے گئے اوراس کے مقابلے میںہمارے دور میں منصوبے شفاف انداز میں ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے ہیںجس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

انہوںنے کہا کہ سابق ڈکٹیٹر کے حواریوں نے پنجاب بینک پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالاجبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں توانائی منصوبوں کے نام پر قوم سے گھنائونا کھیل کھیلا اورمجرمانہ غفلت اور کرپشن کرکے ملک و قوم کو اندھیروں میں ڈبویاگیا،اسی طرح دھرنوں اورلاک ڈائون کے ذریعے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیخلاف ساز ش کی گئی اور دھرنوں اورلاک ڈائون کے باعث قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاگیا-انہوںنے کہا کہ ان تمام عناصر نے پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیخلاف سازشیں کرنیوالے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیںاوراب یہ ایک بار پھر پاکستان کی ترقی کیخلاف سازش کررہے ہیں-انہوںنے کہا کہ ماضی میں کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے شفافیت کا لیکچر دینے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اورہمارے مخالفین بھی ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 برس شفافیت، خدمت اور دیانت کا منہ بولتا ثبوت ہیںاور مخالفین کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ عوام کا رکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیںاورالیکشن 2018ء میں باشعور عوام خدمت ،دیانت اور امانت کی سیاست کو پھر کامیاب کرائینگے۔