وادی کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کردیاگیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس

سید علی گیلانی اور دیگر رہنمائوں کی مسلسل گھروں اور جیلوں میں نظربندی کی شدید مذمت

پیر 10 جولائی 2017 14:18

وادی کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کردیاگیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت چیئرمین سید علی گیلانی اوردیگر حریت رہنمائوں کی مسلسل گھروں اور جیلوں میں نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںسیدعلی گیلانی کے علاوہ حریت رہنمائوںمحمد اشرف صحرائی، پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، راجہ معراج الدین، ایاز اکبر، محمد اشرف لایا،، تعشوق احمد بانڈے، بشیر احمد فاروقی، سید امتیاز حیدر، محمد امین صوفی، محمد مقبول تانترے اوردیگر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔

انہوںنے 75سالہ محمد سبحان وانی، حاجی محمد رستم بٹ، مفتی عبدالاحد راتھر، محمد امین پرے، عبدالاحد پرہ، محمد اشرف ملک اور ظفرلاسلام کے خلاف دوبارہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے جموںکی کٹھوعہ جیل منتقل کرنے کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ان میںبیشتر رہنمائوںکو علالت کی وجہ سے چند روز قبل ہی رہا کیا گیا تھا ۔انہوںنے معروف نوجوان رہنماء شہید برہان مظفر وانی کی برسی کے موقع پر قابض انتظامیہ کی طرف سے شہر و دیہات میں کرفیو اور سخت پابندیوں کے نفاذ اور نہتے کشمیری نوجوانوں کے خلاف کریک ڈائون کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرمیں عملاً مارشل لاء نافذ کر کے پوری آبادی کو محصور بنادیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ موٹر سائیکل سوار اور نوجوانوں کے خلاف خاص طور سے کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے اور انہیں ہر جگہ تنگ طلب اور ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سید علی گیلانی اور دوسرے لیڈروں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے جو کہ سراسر مداخلت فی الدین ہے۔