مولانا شاہ احمد نورانی زندگی بھر انقلاب نظام مصطفے کے لیئے جدوجہد کرتے رہے، ہم مولانا نورانی کا مشن مکمل کر کے دم لیں گے،شاہ محمد اویس نورانی

اتوار 9 جولائی 2017 18:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2017ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ مولانا شاہ احمد نورانی زندگی بھر انقلاب نظام مصطفے کے لیئے جدوجہد کرتے رہے۔ مولانا نورانی سفیر عشق رسول اور حریت فکر کے مجاہد تھے۔ علامہ شاہ احمد نورانی نے اتحاد بین المسلمین کے لیے گرا ںقدر خدمات سرانجام دیں۔

آج ملک اور قوم کو مولانا نورانی جیسے اجلے کردار والے راہنماؤں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی کے سالانہ عرس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ علامہ نورانی کی دینی، سیاسی اور قومی خدمات تاریخ کا روشن باب ہے۔ وہ زندگی کی آخری سانس تک عالم اسلام کے اتحاد، نظام مصطفے کے نفاذ، مقام مصطفے کے تحفظ اور بد عقیدگی کے خاتمے کے لیئے سرگرم عمل رہے۔

(جاری ہے)

مولانا نورانی نے متحدہ مجلس عمل، ملی یکجہتی کونسل، جمعیت علماء پاکستان اور ورلڈ اسلامک مشن کے سربراہ کی حیثیت سے شاندار اور تاریخ ساز خدمات سر انجام دیں۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ ہم مولانا نورانی کا مشن مکمل کر کے دم لیں گے۔ نظریاتی سیاست کے لیئے علامہ شاہ احمد نورانی کے کردار و عمل کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔ مولانا نورانی باطل طاغوتی قوتوں کے خلاف زندگی بھر جرات مندانہ آواز بلند کرتے رہے۔ انھوں نے کبھی اصولوں پہ سودے بازی نہیں کی اور کبھی کسی آمر کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

متعلقہ عنوان :