Live Updates

عمران خان جتنا مرضی غیر ملکی ایجنڈے لے آئیں سی پیک بھی مکمل ہو گا وزیر اعظم نواز شریف ہی رہیں گے ‘رانا تنویر حسین

کشمیر میں بھارت کے نہتے عوام پر ظلم ،سرحدوں کی خلاف ورزی کسی وقت بھی بڑے حادثے کو جنم دے سکتی ہیں ‘وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

اتوار 9 جولائی 2017 17:50

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2017ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار و سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے عمران خان جتنا مرضی غیر ملکی ایجنڈے لے آئیں سی پیک بھی مکمل ہو گا اور میاں نواز شریف ہی وزیر اعظم رہیں گے ۔مریدکے میں اپنے بڑے بھائی رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین ، مسلم لیگ ن کے رہنما حاجی رانا محرم علی ، چیئرمین بلدیہ مریدکے شیخ شبیر احمد ، چیئرمین یونین کونسل چوہدری ارشد ورک اور مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حاجی رفیق الحسن قریشی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا غیر ملکی قوتیں دیکھ رہی ہیں کہ میاں نواز شریف پاکستان کو اقتصادی اور معاشی طور پر ایشیاء کا ٹائیگر بنانے جا رہے ہیں منزل بھی قریب ہے یہی وجہ ہے کہ عمران بھر پور سازشوں کے زریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہے جے آئی ٹی نے خود کو متنازعہ کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

قطری شہزادے نے بار بار کہا ہے کہ ان سے مؤقف لیا جائے مگر ان سے مؤقف نہیں لیا جا رہا حکومت اور عوام قطری شہزادے کے بیان کے بغیر جی آئی ٹی کو کوئی فیصلہ قبول نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا شریف خاندان نے عوام کے سامنے خود کو احتساب کیلئے جے آئی ٹی اور معزز عدالت کے سامنے پیش کیا مگر سازشیں ختم نہ ہوئیں 18 کروڑ عوام سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار بیٹھی ہے۔

انہوں نے کہا میاں نواز شریف کی محنت کا ثمر ہے کہ انر جی بحران ختم ہو رہا ہے دنیا سی پیک میں دلچسپی لے رہی ہے جو گیم چینجر ثابت ہو گا مگر پاکستان میں بیٹھے غیر ملکی ایجنٹوں کو یہ ترقی اور خوشحالی ہضم نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا امریکہ اور بھارت کے دفاعی معاہدوں پر پاکستان کو تشویش ہے اس سے خطہ کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے پاکستان غافل نہیں ہر چیز پر نظر ہے اپنے دفاع کیلئے جو بھی اقدام کرنا پڑا کرے گا بھارت کو خطہ کا چوہدری کبھی نہیں بننے دے گا دنیا سے جہاں سے بھی چاہا دفاعی ضر وریات پوری کریں گے ۔

انہوں نے کہا بھارتی جنگی جنون چھوڑ کر اگر اپنی بھوک سے مرتی عوام کی طرف توجہ دیتا تو بہتر تھا اس کا جنگی جنون پاکستان خاک میں ملانے کیلئے ہر وقت تیار ہے ۔انہوں نے کہا امریکہ سمیت دنیا اور اقوام متحدہ کو بتا دیا ہے کشمیر میں بھارت کے نہتے عوام پر ظلم اور سرحدوں کی خلاف ورزی کسی وقت بھی بڑے حادثے کو جنم دے سکتی ہیں بھارت کو روکا جائے مگر دنیا امریکہ اور اقوام متحدہ وہ کردار ادا نہیں کر رہے جو کر نا چاہئے تھا بھارت افغانستان کے راستے جو دہشت گردی کر رہا ہے اس کے بھی ثبوت دیئے ہیں دنیا کو کردار ادا کرنا ہو گا وگرنہ حالات کی ذمہ دار بھی دنیا ہو گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات