اگر دہلی میں کسی مریض کو سرکاری ہسپتالوں میں آپریشن کیلئے ایک ماہ سے زیادہ کا وقت دیا جائے تو ایسے مریض کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے سرجری کرا لیں ان کے ہسپتال کے اخراجات دہلی سرکار ادا کرے گی

وزیر اعلی اروند کیچروال نے غریب شہریوں کو خوشخبری سنا دی

اتوار 9 جولائی 2017 15:30

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جولائی2017ء) بھارت میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اپنے صوبے کے غریب شہریوں کو صحت کے حوالے سے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دہلی میں کسی مریض کو سرکاری ہسپتالوں میں آپریشن کے لئے ایک ماہ سے زیادہ کا وقت دیا جائے تو ایسے مریض کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے سرجری کرا لیں ان کے ہسپتال کے اخراجات دہلی سرکار ادا کرے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اروند کیجریوال کی ریاستی حکومت نے اہلیان دہلی کے لئے صحت کے حوالے سے ایک نئی سکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ایک ماہ تک سرجری کی تاریخ نہ ملنے پر مریض کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال میں آپریشن کرا سکیں گے، پرائیویٹ ہسپتال سے کرائے گئے آپریشن کے اخراجات کی ادائیگی دہلی حکومت ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

صحت کی نئی سکیم کا افتتاح کرتے ہوئے اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ اگر مریض کو کوئی بھی بیماری ہے اور اسے سرکاری ہسپتال کی جانب سے ایک ماہ کے اندر سرجری کی تاریخ نہیں مل رہی تو وہ پرائیویٹ ہسپتال میں بھی سرجری کرا سکتا ہے، دہلی حکومت نے 52 اہم سرجری کے لئے پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کرانے کی رعایت دی ہے، جس میں دل کے بائی پاس آپریشن سے لے کر 8 قسم کی تھائیرایڈ سرجری، پروسٹیٹ سرجری، 9 قسم کے پائلز آپریشن، کان اور گلے وغیرہ کے آپریشن شامل ہیں۔

اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ دہلی حکومت عوام کے لئے صحت کی سہولیات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، یہ اقدام صرف دہلی نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے بھی تاریخی ہے، گزشتہ تین سال میں دہلی حکومت نے 25 فیصد تعلیم پر تو 14 فیصد بجٹ صحت کی سہولیات پر خرچ کیا ہے۔دوسری طرف دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ اس سکیم کے اجرا کے بعد سرکاری ہسپتالوں کو صرف اتنا کرنا ہو گا کہ وہ سہولت یا وقت نہ ہونے پر مریض کو پرائیویٹ ہسپتال میں ریفر کر دیں، آج صحت کی خدمات اتنی مہنگی ہیں کہ مڈل کلاس بھی نہیں برداشت کر سکتی، اب دہلی کے تمام شہریوں کا حکومت علاج کرائے گی، جبکہ سرکاری ہسپتالوں کو بھی وسعت دینے کے لئے انتظامیہ جتنا پیسہ مانگے گی اتنا دیں گے۔

دوسری طرف دہلی کے شہریوں نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے اس اقدام کو سراہتے ہو ئے اسے عوام کے لئے بہترین قدم قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :