امریکا کا شام بارے موقف اب زیادہ حقیقت پسندانہ ہے،روسی صدر

ٹی وی پر نظر آنے والے ڈونلڈ ٹرمپ حقیقی زندگی میں بہت مختلف ہیں،پیوٹن

اتوار 9 جولائی 2017 11:50

ہیمبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2017ء) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں امریکا کا شام میں جاری خانہ جنگی کے بارے میں موقف اب ’’زیادہ مثبت اور حقیقت پسندانہ‘‘ ہوگیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویومیں روسی صدرنے کہاکہ مجھے بظاہر یہ لگتا ہے کہ امریکا کا شام کے بارے میں موقف زیادہ حقیقت پسندانہ ہوگیا ہے۔

اب یہ مفاہمت پائی جاتی ہے کہ اگر ہم اپنی کوششوں کو مربوط بنائیں تو ہم بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے امریکی صدر سے اپنی پہلی ملاقات کے بعد اس توقع کا اظہار کیا کہ امریکا اور روس کے درمیان تعاون میں بہتری آئے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی حقیقی زندگی میں بہت ہی مختلف ہیں۔انھوں نے کہا کہ آپ جس ٹرمپ کو ٹی وی پر دیکھتے ہیں ،وہ حقیقی ٹرمپ سے بہت مختلف ہے۔یہ یقین کرنے کا ہر جواز موجود ہے کہ ہم کم سے کم ضرورت کے مطابق جزوی طور پر تعاون کو بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔روسی صدر نے کہا کہ ان کی بات چیت میں ایک بہت اہم موضوع موسمیاتی تبدیلی تھا اور یہاں جرمن صدارت ایک مفاہمتی سمجھوتے تک پہنچے میں کامیاب ہوگئی ہے۔