بعض ممالک سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے دہشتگردی کو آلے کے طورپر استعمال کررہے ہیں،نریندر مودی کی ہرزہ سرائی

جی 20ممالک ایسے ممالک کے خلاف کاروائی کیلئے دبائو ڈالیں ،لشکر طیبہ اور جیش محمد جنوبی ایشیا میں اسی طرح سرگر م ہیں جس طرح داعش اور القاعدہ مشرق وسطی اور بوکو حرام نائیجریا میں سرگرم ہیں ان تنظیموں کے نظریات صرف نفرت پھیلانا اور قتل عام ہے ، دہشتگردی کے حوالے سے بین الاقومی ردعمل کمزور تھا ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مزید تعاون کی ضرورت ہے بھارتی وزیراعظم کی جی 20اجلاس سے خطاب

جمعہ 7 جولائی 2017 22:07

ہیمبرگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جولائی2017ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کا نام لیے بغیر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض ممالک سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے دہشتگردی کو آلے کے طورپر استعمال کررہے ہیں،جی 20ممالک ایسے ممالک کے خلاف کاروائی کیلئے دبائو ڈالیں ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جی 20اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ لشکر طیبہ اور جیش محمد کا داعش اور القاعدہ کے ساتھ موازنہ کرتے ہوئے کہاکہ ان تنظیموں کے نام مختلف ہوسکتے ہیں مگر انکے نظریات ایک ہی ہیں۔

مودی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ دہشتگردی کے حوالے سے بین الاقومی ردعمل کمزور تھا ،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مزید تعاون کی ضرورت ہے ۔بھارتی وزیراعظم نے پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ کچھ قومیں سیاسی مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے دہشتگردی کا استعمال کررہی ہیں۔لشکر طیبہ اور جیش محمد جنوبی ایشیا میں اسی طرح سرگر م ہیں جس طرح داعش اور القاعدہ مشرق وسطی اور بوکو حرام نائیجریا میں سرگرم ہیں۔ ان تنظیموں کے نظریات صرف نفرت پھیلانے اور قتل عام کے ہیں۔