امجد ایڈووکیٹ کو صدر میں نے بنایا ،پارٹی میں اختلاف رائے جمہوریت کی علامت ہے

صوبائی صدر پیپلزپارٹی سید مہدی شاہ کا یوم سیاہ کے موقع پر پیپلزسیکرٹریٹ میں خطاب

بدھ 5 جولائی 2017 23:12

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جولائی2017ء) پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی صدر و سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ امجد ایڈووکیٹ کو صدر میں نے بنایا ہے ،پارٹی میں اختلاف رائے جمہوریت کی علامت ہے ،5جولائی یوم سیاہ کے موقع پر پیپلزسیکریٹریٹ میں خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کے ازم کو دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی ہے اور جنرل ضیا نے سرتوڑ کوشش کی لیکن وہ چیئر مین بھٹو کو سرنگون نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ امجد ایڈووکیٹ کو صدر میں نے بنایا ہے لیکن اگر وہ پارٹی چھوڑ جائے تو اس سے بھی تعلق ختم ہوگا، جمہوری پارٹیوں میں اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن اس کو پارٹی کے اندر رہ کر حل کرنا ہوتا ہے ،بزرگ رہنما وزیر عباس نے کہا کہ مہدی شاہ نے غلطیاں بہت کیں ورنہ آج پی پی پی کے علاوہ جی بی میں کوئی داخل نہیں ہو سکتا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے مہدی شاہ کے دور میں خوشامد کر کے فائدہ اٹھایا لیکن ہم نے مفادات کی بجائے عزت نفس کو ترجیح دی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کا اعتراف کر کے اس کی اصلاح کرنی چاہیے تا کہ پارٹی مستحکم ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر امجد ایڈووکیٹ 12سال بعد میرے گھر آسکتا ہے تو مہدی شاہ کیوں نہیں آسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص پارٹی کے جھنڈے کو قبر پر نصب کرنے کی بات کرتا تھا وہ جھنڈے کی آڑ میں اپناپیٹ بھر تا تھا۔ غلام شہزاد آغا نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں کسی کے آنے اور جانے سے پارٹی کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے تاہم ہمیں پارٹی کو فعال بنانے کیلئے متحد رہنا ہوگا ۔محمد عباس شگری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سابق حکومت کی ناکامی کے باعث عوام نے نواز لیگ کو ووٹ دیا ہے تقریب سے دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :