ٹرمپ ،پیوٹن ملاقات پرسوں (جمعہ کو)ہوگی،روس کی تصدیق

دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت نے سربراہان کی ملاقات کے لیے سات جولائی کی تاریخ پر اتفاق کیا ہے،روسی مشیر خارجہ

بدھ 5 جولائی 2017 15:02

ٹرمپ ،پیوٹن ملاقات پرسوں (جمعہ کو)ہوگی،روس کی تصدیق
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2017ء) روسی حکومت نے کہا ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات جرمنی کے شہر ہیم برگ میں ہوگی۔روسی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی صدر کے مشیر برائے خارجہ امور یوری اوشا کوف نے بتایا کہ دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت نے سربراہان کی ملاقات کے لیے سات جولائی کی تاریخ پر اتفاق کیا ہے۔

رواں سال جنوری میں امریکی صدر کا منصب سنبھالنے والے ڈونالڈ ٹرمپ کی صدر پیوٹن سے یہ پہلی ملاقات ہوگی۔دونوں رہنما دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کی نمائندہ تنظیم 'جی-20' کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے رواں ہفتے جرمنی پہنچیں گے۔روس کی جانب سے یوکرین میں جاری خانہ جنگی کا فائدہ اٹھا کر یوکرینی علاقے کرائمیا پر 2014ء میں قبضے کے بعد سے امریکہ اور روس کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اور اقتدار سنبھالنے کے بعد بارہا روس کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔لیکن امریکی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت اور صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے اعلیٰ عہدیداران کے روسی حکام کے ساتھ مبینہ تعلقات کے الزامات سامنے آنے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کی گنجائش بظاہر کم ہوگئی ہے۔