میاں صاحب جتنی موجیں ، حکمرانیاں کرنی تھیں کر لیں ،آپ کی رسی کھینچ لی گئی ہے‘ قمر زمان کائرہ

جے آئی ٹی کے بعد اگلے فیصلے کی تیاری کریں جو عوام کا فیصلہ ہے ،مریم نواز بیحد قابل احترام ہیں ،الزام پراستثنیٰ نہیں مل سکتا (ن) کے دور میں بینظیر بھٹو ،نصرت بھٹو کے خلاف کیسی کیسی زبان استعمال کرائی گئی ،کونسی ایسی عدالت ہے جہاں پیشیاں نہیں کرائی گئیں

پیر 3 جولائی 2017 21:24

میاں صاحب جتنی موجیں ، حکمرانیاں کرنی تھیں کر لیں ،آپ کی رسی کھینچ لی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2017ء) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب آپ کی رسی کھینچ لی گئی ہے ،آپ نے جتنی موجیں اور حکمرانیاں کرنی تھیں وہ کر لیں ،جے آئی ٹی کے بعد اگلے فیصلے کی تیاری کریں جو عوام کا فیصلہ ہے ،مریم نواز شریف ہمارے لئے بیحد قابل احترام ہیں لیکن اگر کوئی الزام ہے تو وزیر اعظم کی اولاد ہونے کے باعث انہیں استثنیٰ نہیں مل سکتا ، (ن) لیگ کے دور میں بینظیر بھٹو شہید اور مادر جمہوریت نصرت بھٹو کے خلاف کیسی کیسی زبان استعمال کرائی گئی اور پملفٹ چھپوائے گئے اور کونسی ایسی عدالت ہے جہاں پیشیاں نہیں کرائی گئیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد حکمران لیگ رونے پر آ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ کہا جارہا ہے کہ اگر فیصلہ ہمارے خلاف آیا تو ہم نہیں مانیں گے ہمیںکوئی نہیں نکال سکتا ، آپ کا وطیرہ ہے کہ آپ اداروں سے تصادم کرتے ہین لیکن اب پاکستان کے عوام آپ کی نہیںمانیں گے اور اب آپ کے اصول نہیں چلیں گے ۔ جے آئی ٹی کے بعد آپ اگلے فیصلے کی تیاری کریں جو عوام کا فیصلہ ہے ۔

انہوں نے مز ید کہا کہ قطری شہزادہ کہتا ہے کہ اس کے دربار میں حاضر ہوا جائے اور قطری شہزادے کے نہ آنے سے سب کچھ واضح ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ داماد جی نے تو کمال کر دیا اور اس کو نظریہ پاکستان پر حملہ کہا دیا،میاں صاحب یہ کوئی انتقام نہیںبلکہ اب حقیقت میں احتساب ہو رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا اور جے آئی ٹی بنی تو اس وقت مٹھائیاں بانٹی گئیں لیکن آج اسحاق ڈار جیسا ٹھنڈا بند پھٹ پڑا تو لگتا یے معاملہ سنجیدہ ہے ،یہ کمال کے حکمران ہیں خودحکومت میں ہو کر انتقام کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اب آپ کی موجیں اور حکمرانیاں ختم ہو گئی ہیں اور آپ کی رسی کھینچ لی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں وہ موسمی پرندے تھے،ندیم افضل چن کے پارٹی چھوڑنے کی خبروں میں صداقت نہیں،کچھ وزارت کے لئے کچھ مفادات کے لیے بک گئے۔