لاہور ہائیکورٹ بار نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے چیمبر میں آتشزدگی کے واقعہ کو سوچی سمجھی سازش قرار دیدیا،اظہر صدیق پانامہ لیکس کیس سمیت دیگر اہم کیسز کی پیروی کر رہے ہیں ، ریکارڈ دانستہ طور پر ضائع کرنے کیلئے آگ لگائی گئی

صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری ذولفقار علی کا مشترکہ بیان

پیر 3 جولائی 2017 21:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جولائی2017ء) صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری ذولفقار علی، نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راشد جاوید لودھی ، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عامر سعید راں ، فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن محمد ظہیر بٹ اور سیکرٹری سپریم کورٹ با ر ایسوسی ایشن آفتاب احمد باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان میں جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کے چیئرمین محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے چیمبر الماس ٹاور، بیگم سلمی تصدق روڈ پر آتشزدگی کے واقعہ کو سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمد اظہر صدیق پانامہ لیکس کیس، سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ، چیئرمین نیب سمیت 12سیاستدانوں کی نااہلی کے کیسز کے علاوہ دیگر کرپشن کیسز کی پیروی کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں تمام نایاب دستاویزات چیمبر میں موجود تھیں جنہیں دانستہ طور پر ضائع کرنے کیلئے چیمبر کو آگ لگائی گئی۔

(جاری ہے)

اس وقوعہ سے پہلے بھی متعدد بار انہیں اور انکے چیمبر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی اور دانستہ طور پر چیمبر کے تالے توڑے گئے اور عملہ کو زدو کوب کیا گیا جسکی متعدد ایف آئی آر کا اندراج متعلقہ تھانہ میں موجود جس پر حکومت نے آج تک نہ تو کوئی تفتیش کی اور نہ ہی الزام علیہ کو کسی تفتیش کیلئے بلایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ محمد اظہر صدیق ''لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کرپشن فری پاکستان مہم '' کا حصہ ہیں اور وہ بغیر کسی طمع و لالچ اور بغیر کسی خوف و دبائو کے صرف اور صرف حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہو کر انصاف کے حصول اور ملک کی حقیقی خوشحالی اور آنے والی نسلوں کو بہتر ، خوشحال اور کرپشن سے پاک پاکستان کیلئے تگ و دو کر رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی کے واقعہ اور محمد اظہر صدیق کے چیمبر کو آئے روز نقصان پہنچانے کی مہم کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔