اعلیٰ سول ملازمتوں کے خواہاں نوجوانوں میں ملک و قوم کی خدمت اور کچھ کر گزرنے کا جذبہ بدرجہ اتم موجود

عبد الستار ایدھی، سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ممتاز پولیس آفیسر ذوالفقار احمد چیمہ ڈاکٹر امجد ثاقب جیسی شخصیات کوآئیڈیل قرار دیا

پیر 3 جولائی 2017 12:41

اعلیٰ سول ملازمتوں کے خواہاں نوجوانوں میں ملک و قوم کی خدمت اور کچھ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2017ء) پاکستان میں وفاقی اور صوبائی سطح کی اعلیٰ سول ملازمتوں (سی ایس ایس اور پی سی ایس) کے تحریری امتحانات میں کامیاب ہونی والے نوجوان امیدواروں میں ملک و قوم کی خدمت اور کچھ کر گزرنے کا جذبہ بدرجہ اتم موجود ہے اور انہوں نے اپنے انٹر ویوز کے دوران ممتاز سماجی شخصیت عبد الستار ایدھی، سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ممتاز پولیس آفیسر ذوالفقار احمد چیمہ کو اپنا آئیڈیل قرار دیا ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق یہ بات ان امتحانات اور انٹر ویوز کے حوالے سے کی جانے والی ایک سٹڈی میں سامنے آئی ہے کہ اعلیٰ سول ملازمتوں کے خواہاں نوجوانوں میں خدمت اور کچھ کر گزرنے کا جذبہ بدرجہ اتم موجود ہے، اس حوالے سے انٹر ویوز کے دوران پولیس سروس میں جانے کے خواہاں امیدواروں سے ان کی آئیڈیل شخصیت کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کی اکثر یّت نے سابق انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقاراحمد چیمہ کو اپنی آئیڈیل شخصیت قرار دیا، ان نوجوانوں سے جب اس کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا مؤقف تھا کہ ذوالفقار چیمہ پولیس افسر کے طور پر جہاں بھی تعینات ہوئے انہوں نے وہاں امن قائم کیا لوگوں کو انصاف دیا اور قانون کی حکمرانی قائم کی، ان کی وجہ سے پولیس کا عمومی تاثر بہت بہتر ہوا، امیدواروں کا کہنا تھا کہ پولیس کے علاوہ جن دیگر محکموں میں بھی ان کی تعیناتی ہوئی ذوالفقار چیمہ نے ان کی کارکردگی کو بہتر بنایا۔

(جاری ہے)

ملازمتوں کے انٹر ویوز کے دوران بعض نوجوانوں نے عبد الستار ایدھی کو ان کی سماجی خدمات، جنرل راحیل شریف کو دہشتگردی کے خلاف بڑا آپریشن کرنے اور "اخوت" کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب کو بلاسود قرضے دینے کے حوالے سے پسندیدہ قرار دیا، سٹڈی کے مطابق انٹر ویوز کے دوران یہ بات بھی نوٹ کی گئی کہ امیدواروں کی انگریزی کا معیاربہتر ہوا ہے تاہم پاکستان اور اسلامک سٹڈیز کے حوالے سے ان کی معلومات کا معیار قدرے کم ہوا ہے۔