پشتونخوامیپ کی جدوجہد اور کوششوں سے حکومتی ادارے فعال ہوکر عوام کی خدمت پر مامور ہوچکے ہیں،صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال

اتوار 2 جولائی 2017 23:20

ہرنائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے قومی سیاسی پروگرام قومی اہداف اور قومی مقاصد کی تکمیل کیلئے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل جدوجہد قربانیوں اور محنت کے نتیجے میں ہی ہمارے غیور عوام نے پارٹی کو مکمل عوامی مینڈیٹ دیا ہے اور پارٹی کے رہنمائوں نمائندوں اور کارکنوں نے اس مینڈیٹ کو وطن اورقوم کی ہر شعبہ زندگی میں ترقی وخوشحالی کیلئے بہترین طریقے سے استعمال کیا ہے جس کے مثبت اثرات اب زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں ہورہے ہیں وہ زردالو میں شمولیت کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس سے پارٹی کے ضلعی سیکرٹری چیئرمین غفور شاہ ، ملک امو جان اور حقداد خان نے بھی خطاب کیا اس موقع پر پارٹی کے ضلعی ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران پارٹی کے علاقائی رہنماء اور ڈسٹرکٹ زکوة چیئرمین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کی مسلسل جدوجہد اور دن رات کوششوں کے نتیجے میں اب ہر شعبہ زندگی میں حکومتی ادارے فعال ہوکر عوام کی خدمت پر مامور ہوچکے ہیں لہٰذا پشتونخوامیپ کی طرف سے عوامی مینڈیٹ کا صحیح استعمال اور اس کے مثبت اثرات بہت سے عناصر برداشت نہیں کررہے ۔ اس لیئے انہوں نے قومی جمہوری سیاسی حکومت کے خلاف منفی غیر حقیقی اور من گھڑت پروپیگنڈے کے ذریعے ترقی خوشحالی اور عوامی خدمات کے اثرات کو زائل کرنے کی ناکام کوشش شروع کر رکھی ہے لیکن ہمارے باشعور اور غیور عوام کو پارٹی ، لوگ اور افراد کا کردار اور ان کے ماضی کو اچھی طرح جانتے ہیں اس لیئے ایسے عناصر کو ناکامی اور رسوائی کے سوا کچھ بھی ہاتھ نہیں آرہا ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کے گاڑی کا اتفاقی حادثہ اور اس میں ایک قیمتی جان کے ضائع ہونے واقعی افسوسناک واقعہ تھا لیکن اس اتفاقی حادثے کو جس طرح منفی انداز میں اچالا گیا اور اس میں بالخصوص میڈیا کا کردار ان کے شایان شان نہیں رہا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پشتونخوامیپ نے قومی جمہروی سیاسی پارٹی کے حیثیت سے روز اول سے جمہوریت کی بقاء ان کے استحکام عدلیہ ومیڈیا کی آزادی ، خود مختاری کیلئے قربانیوں سے لبریز سیاسی وجمہوری جدوجہد کی ہے ۔

لہٰذا مخصوص سازشی عناصر کو پشتونخوامیپ کے اس سیاسی جمہوری کردار کے ذریعے ملک اور صوبے میں بننے والا مثبت تاثر قابل برداشت نہیںاور وہ پارٹی کے اس تاریخی رول اور تاثر کو خراب کرنے کی مذموم کوششیں کرتے رہے ہیں لیکن پشتونخوامیپ ہمیشہ کی طرح جمہوری انداز جمہوری طرز عمل اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ایسے سازشوں کو ماضی کی طرح ناکام بناتی رہیگی۔

جبکہ اس کیس میں جن پارٹیوں ، اداروں اور افراد نے سیاسی جمہوری رویوں سیاسی اخلاقیات ،قومی اقدار کے خلاف طرز عمل اپنایا وہ قابل افسوس ہے اور اس حوالے سے پارٹی اپنے تحفظات اور دفاع کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ وطن غیور عوام کے ساتھ کیئے گئے ہر وعدے کو پورا کریگی اور ٹریفک حادثے کے متاثرہ خاندان کے ساتھ قومی اقدار اور روایات کے مطابق ان کے تسلی کیلئے پوری کوشش کی ہے اور مزید کوششیں بھی کرے گی انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشمکش میں ملک کے تمام جمہوری سیاسی قوتوں اور خصوصاً حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ غیر جانبدار رول ادا کرے ۔

وفاقی حکومت کا یہ بھی فریضہ ہے کہ پارلیمنٹ کے منظوری اور مرضی ومنشا کے مطابق از سر نو خارجہ وداخلہ پالیسیوں کا جائزہ لیں اور ملک کے قوموں اور تمام عوام کے مفادات کی روشنی میں از سر نو خارجہ وداخلہ پالیسی تشکیل دیں۔