شریفوں کو صرف خاندانی دولت میں اضافہ کی فکر ہے ملک و قوم سے کوئی سروکار نہیں‘منظور احمد وٹو

موجودہ حکمرانوں نے خارجہ پالیسی کو تباہ ، زراعت کا ستیاناس کر دیا ہے ملک میں کرپشن اور بدامنی کا دور دورہ ہے‘کارکنوں سے خطاب

اتوار 2 جولائی 2017 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا دور پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے ،(ن) لیگی حکومت نے ملک کے ہر طبقہ فکر کو پریشان کر دیا ہے شریفوں کو صرف خاندانی دولت میں اضافہ کی فکر ہے ملک و قوم سے کوئی سروکار نہیں،موجودہ حکمرانوں نے خارجہ پالیسی کو تباہ اور زراعت کا ستیاناس کر دیا ہے ملک میں کرپشن اور بدامنی کا دور دورہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حق نواز خان اور رب نواز خان کی طرف سے اُن کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن، سیکرٹری جنرل اسرار الحق بٹ، رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک کے علاوہ عابد حسین صدیقی، میاں عبدالوحید، ڈاکٹر خیام، افنان بٹ، بیرسٹر عامر ہاشمی، میاں اسلم ارائیں، عمران اٹھوال، ملک احتشام، عارف خان، ملک آصف اعوان اور مانی پہلوان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کا کارکن عظیم ورکر ہے ۔انہوں نے پیپلز پارٹی کی خاطر ماریں کھائیں، جیلیں اور صعوبتیں کاٹیں اور آج بھی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا جھنڈا لے کر کھڑے ہیں۔ پارٹی کارکن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دینے کو بے قرار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج مسلم لیگ ن نے بھی پہلی بار تسلیم کر لیا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی عدالتی قتل تھا اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت بھی پاکستان کا بڑا نقصان تھا لیکن یہ اس شعر کی مصداق ہے۔ کی میرے قتل کے بعد اُس نے جفا سے توبہ ۔۔۔۔ ہائے اُس زودِ پشیماں کا پشیماں ہونا۔

متعلقہ عنوان :