ایف بی آر کی جانب سے بینک اکائونٹس تک رسائی کا نہ رکنے والے سلسلہ تشویشناک ہے‘محمد ناصر حمید خان

ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں ناکامی کی سزا ٹیکس دہندگان کو نہ دی جائے‘ قائم مقام صدر لاہور چیمبر

اتوار 2 جولائی 2017 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان نے ایف بی آر کی جانب سے بینک اکائونٹس تک رسائی کے نہ تھمنے والے سلسلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حالات میں جب تاجروں کا اپنا ہی سرمایہ بینکوں میں محفوظ نہیںاور وہ عدم تحفظ کا شکار ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آنے کی ترغیب کس طرح دی جاسکتی ہے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے بینک اکائونٹس تک رسائی اور کاروباری یونٹس پر بلاجواز چھاپے مارنے کے معاملات کا نوٹس لیں کیونکہ اس سے تاجر برادری کی حوصلہ شکنی اور کاروباری ماحول خراب ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی تاجر برادری میں خوف و ہراس پھیلاکر معاشی بحالی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو ناکام بنانے پر تلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایسے اقدامات کی وجہ سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ غیرملکی سرمایہ کاروں نے بھی انتہائی محتاط رویہ اپنارکھا ہے جو معیشت کے لیے زہر قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک اکائونٹس تک رسائی اور قوم نکلوانا آخری قدم ہونا چاہیے لیکن ریجنل ٹیکس آفسز/لارج ٹیکس پیئر یونٹس ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے فوری طور پر انتہائی قدم اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کوٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور انڈر انوائسنگ و سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں لیکن یہ واجبات کی وصولی کے نام پر ٹیکس دہندگان کے بینک اکائونٹس تک رسائی حاصل کرکے حالات بگاڑنے میں مصروف ہے۔محمد ناصر حمید خان نے نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ایماندار ٹیکس دہندگان کا شکرگزار ہونا چاہیے جو ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں اپنا قومی فریضہ بہ احسن ادا کررہے ہیں لیکن اس کے برعکس انہیں نشانِ عبرت بنایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :