جرمنی میں افغان پناہ گزینوں کی درخواستیں، فیصلے روک دئیے گئے

افغانستان میں سکیورٹی کی صورت حال کا از سر نو جائزہ لینے کے بعد درخواستوں پر فیصلے نہیں کیے جائیں گے،جرمن حکام

اتوار 2 جولائی 2017 13:30

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2017ء) وفاقی جرمن ادارہ برائے ترک وطن و مہاجرین (بی اے ایم ایف) نے افغان تارکین وطن کی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے عارضی طور پر روک دیے ۔ قبل ازیں افغان مہاجرین کی پناہ کی درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹائی جا رہی تھیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں بی اے ایم ایف نے کہاکہ جرمنی میں افغان تارکین وطن کی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں۔

حالیہ مہینوں کے دوران افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں میں شدت دیکھی گئی ہے اور جون میں افغان دارالحکومت کابل کے انتہائی محفوظ سمجھے جانے والے علاقے میں دہشت گردی کے ایک بڑے واقعے کے بعد جرمن حکومت نے افغان تارکین وطن کی ملک بدری کا سلسلہ بھی عارضی طور پر روک دیا تھا۔

(جاری ہے)

ترک وطن اور مہاجرین کے امور سے متعلق اس وفاقی جرمن دفتر کا کہنا تھا کہ ملکی حکومت کی جانب سے افغانستان میں سکیورٹی کی صورت حال کا از سر نو جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس رپورٹ کے آنے تک جرمنی میں افغان شہریوں کی طرف سے جمع کرائی گئی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر کوئی فیصلے نہیں کیے جائیں گے۔

تاہم بی اے ایم ایف یا وفاقی جرمن حکومت کی جانب سے ابھی تک واضح طور پر یہ نہیں بتایا گیا کہ افغانستان میں سکیورٹی صورت حال سے متعلق نئی رپورٹ کب تیار کی جائے گی۔اس دوران بی اے ایم ایف افغان پناہ گزینوں کی جانب سے جمع کرائی جانے والی پناہ کی نئی درخواستیں بھی وصول کرتا رہے گا اور پرانی درخواستوں پر بھی کارروائی جاری رہے گی۔بی اے ایم ایف کے مطابق افغان تارکین وطن کی جرمنی میں جمع کرائی گئی سیاسی پناہ کی نئی یا پرانی درخواستیں نمٹانے کے لیے انٹرویو سمیت دیگر مراحل جاری رہیں گے تاہم ان درخواستوں پر ابتدائی اور حتمی فیصلے فی الوقت جاری نہیں کیے جائیں گے۔

اس ادارے کی خاتون ترجمان نے اس حوالے سے مزید وضاحت کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ افغانوں کی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے محض عبوری طور پر معطل کیے جا رہے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سیاسی پناہ کے جرمن قوانین کے مطابق پناہ سے متعلق فیصلے چھ ماہ تک اور بعض اوقات اس سے بھی زیادہ عرصے تک کے لیے روکے جا سکتے ہیں۔علاوہ ازیں افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی اس خاتون ترجمان کا کہنا تھا کہ فی الحال صرف ایسے افغان باشندوں کو ہی جرمنی سے واپس افغانستان بھیجا جائے گا جنہیں جرمنی میں خطرہ سمجھا جاتا ہے یا جنہوں نے جرمنی میں جرائم کا ارتکاب کیا ہو۔ اس کے علاوہ اپنی اصل شناخت چھپانے والے افغان باشندوں کو بھی ملک بدری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :