پانامہ کا ہنگامہ بنانے والوں کو ناکامیوں اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملنے والا‘سردار ابرار ریاض

(ن)لیگ میاں نواز شریف کی قیادت میں 2018کے انتخابات تاریخ ساز کامیابی حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر حکومت بنائے گی

اتوار 2 جولائی 2017 13:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2017ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی کوآرڈینیٹر سردار ابرار ریاض احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی قیادت میں 2018کے انتخابات تاریخ ساز کامیابی حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر حکومت بنائے گی پانامہ کا ہنگامہ بنانے والوں کو ناکامیوں اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملنے والا میاں نوازشریف کے پورے خاندان کا مخالفین نے کڑا احتساب کر کے دیکھ لیا ہے میاں نواز شریف اور ان کا خاندان عوام کی عدالت میں سرخرو ہو چکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ان کا کہنا تھا کہ ملک کو بحرانوں میں دھکیلنے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کرینگے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ملک سے دہشتگردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گئے جسکی بدولت آج دہشتگرد آخری ہچکیاں لے رہے ہیں پاکستان کی تباہ حال معیشت کو چار سالوں کے دوران سب سے زیادہ ترقی کرنیوالی معیشت بنا کر میاں نواز شریف نے ریکارڈ قائم کیا ہے -