ملک کی تیز رفتار ترقی دیکھ کر مخالفین کی بے چینی بڑھ رہی ہے، اندھیرے دور ہونے کا وقت آگیا ‘ رانا ارشد

امسال کے آخر تک توانائی منصوبوں کے مکمل ہونے سے ملک سے ہمیشہ کیلئے بجلی کے اندھیرے چھٹ جائینگے‘ معاون خصوصی

اتوار 2 جولائی 2017 13:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2017ء) وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ کامیابی نعروں سے نہیں بلکہ عوام کی حقیقی خدمت سے ملتی ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے ، وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کا خواب پورا ہو رہا ہے اوراندھیروں کو روشنیوں میں بدلنے کا سفر طے ہونے کو ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی تیز رفتار ترقی دیکھ کر مخالفین کی بے چینی بڑھ رہی ہے، انشاء اللہ ملک سے اندھیرے دور ہونے کا وقت آگیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوا م سے بجلی کے بحران کے خاتمے کے وعدے کی تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے اوراس سال کے آخر تک توانائی منصوبوں کے مکمل ہونے سے ملک سے ہمیشہ کیلئے بجلی کے اندھیرے چھٹ جائیں گے ۔

(جاری ہے)

توانائی بحران کے خاتمے سے شہر ، گاؤں اور قریہ قریہ روشن ہو گا۔ ایک طرف ویژن سے عاری سابق حکمران ہیں جنہوں نے معیشت کا بیڑا غرق کیاجبکہ دوسری طرف منفی ذہنوں کے مخالفین نے انتشار کی سیاست کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی ۔ سابق حکمرانوں کی لوٹ مار کی ہوس نے ملک کو بحرانوں اور اندھیروں میں دھکیلا۔ جھوٹے الزامات اور منفی سیاست کرنے والوں نے دھرنوں کے ذریعے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا۔

قوم کو اندھیروں اور مشکلات سے دوچار کرنے والوں کو عوام کی ترقی کے سفر سے تکلیف ہو رہی ہے ۔اپنے دور حکومت میںانہیں عوام کی تکالیف کا احساس نہ ہوا بلکہ بے دردی سے قومی وسائل کی لوٹ مار میں لگے رہے ۔ سابق حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور تھیں جس سے عوام کے مسائل بڑھے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمران قومی وسائل کی لوٹ مار کی بجائے قوم کو درپیش سنگین چیلنجز پر توجہ دیتے تو ملک بحرانوں میں نہ گھرا ہو تا۔

انتشار اور احتجاج کی سیاست کرنے والوں کو عوام کی فلاح سے کوئی سروکار نہیں اور ان عناصر نے کبھی دھرنوں ، کبھی لاک ڈاؤن اور کبھی شہر بند کرنے کی منفی سیاست کے ذریعے ترقی کے سفر میں میں روڑے اٹکائے۔ قوم اندھیرو ں میں ڈوبی اور مشکلات میں گھری ہوئی تھی تو دھرنا گروپ اپنی منفی سیاست میںمصروف رہا۔عوام کی ترقی کے مخالفین نے دھرنوں کے ذریعے قومی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

دھرنے والوں کی چوردروازے سے حصول اقتدار کی ہوس اور منفی طرز سیاست کے باعث ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔یہ جانتے ہوئے بھی کہ ملک احتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں پھر بھی مخالفین نے اپنا منفی طرز عمل نہ بدلا اور بدقسمتی سے ان عناصر نے اپنے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی۔ ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکا کر عوام کی ترقی کے دشمن ہونے کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے کی گئی سنجیدہ کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔مخالفین کی طرف سے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی محنت ، دیانت او رامانت کے ذریعے کی گئی ہے - صنعت، زراعت اور سماجی شعبے ترقی کر رہے ہیں اورروزگار کے نئے مواقع پیداکئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :