کچھ لوگ اب بھی خود کو پارٹی معاملات سے الگ کر لیں تو بہتری کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے‘ سردارحُر بخاری

پالیسیوں سے انحراف کر کے جانیوالوں کو القابات سے نوازکر کارکنوں کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا‘ مرکزی رہنما پی پی

اتوار 2 جولائی 2017 13:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2017ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار حُر بخاری نے کہاہے کہ پارٹی کی تنزلی کی ذمہ داری قبول کرنے کی بجائے پالیسیوں سے انحراف کر کے جانے والوں کو القابات سے نوازکر کارکنوں کو مطمئن نہیں کیا جا سکتا ،کچھ لوگ اب بھی خود کو پارٹی معاملات سے الگ کر لیں تو بہتری کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ وحدت روڈ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ جن لوگوںنے پارٹی کے لئے قربانیاں دیںانہیں پیچھے دھکیل دیا گیا ہے جس کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ نام نہاد قیادت کے ساتھ بیٹھے ہوئے بھی کچھ لوگ دوسری پارٹی میں جانے کے لئے اپنے رابطے مکمل کر چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

آج بھی وقت ہے کہ اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا جائے اور جن چہروں کو کارکن پسند نہیں کرتے وہ پارٹی کی قیادت سے دستبردار ی کا اعلان کریں ۔

میر ادعویٰ ہے کہ پارٹی ضرور دوبارہ پائوں پر کھڑی ہو گی بصورت دیگر آنے والے وقتوںمیں شیرازہ مزید بکھرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا آج بھی ایک ہی مطالبہ ہے کہ پارٹی کو تنزلی کی راہ پر گامزن کرنے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے اور اجنبی چہرے جنہیں پارٹی کا کرتا دھرتا بنا دیا گیا ہے انہیںپیچھے کر کے حقیقی کارکنوں کو آگے لایا جائے ۔