چینی چیرٹی فائونڈیشن کا نیپالی طلباء کیلئے سائیکلوں کا عطیہ

چین اچھا ہمسائیہ ہے ،ہمیشہ نیپال کی ترقی میں مدد کی ہے، سابق نیپالی وزیر اعظم

اتوار 2 جولائی 2017 12:51

کٹھمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جولائی2017ء)چین کی ایک تنظیم بیجنگ سی آئی چیرٹی فائونڈیشن (سی اے سی ایف ) نے گذشتہ روز نیپالی طلباء کیلئے 300سائیکلوں کا عطیہ دیا ہے، یہ عطیہ پسماندہ علاقوں اور پہاڑی ریجن میں رہنے والے طلبا ء کیلئے دیا گیا ہے تا کہ وہ آسانی سے اپنے سکول آ جا سکیں ، اس سلسلے میں کٹھمنڈو میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں سیاسی رہنمائوں ، فائونڈیشن کے نمائندوں ، سول سوسائٹی کے ارکان اور طلباء نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے اس موقع پر سائیکلیں نیپال کی سماجی تنظیم مدان بھنڈاری فائونڈیشن کے حوالے کیں ، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نیپال کے سابق وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے نیپالی طالبعلموں کی تعلیمی معاملات میں امداد کرنے پر چین اور چینی تنظیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے طالبعلموں کے ٹریفک کا مسئلہ حل ہو جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ چین ہمارا اچھا ہمسائیہ ہے جس نے ہمیشہ نیپال کی ترقی میں مدد کی ہے ، ہمیں توقع ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت یہ تعاون مزید فروغ پذیر ہو گا ۔نیپالی فائونڈیشن نے بھی چینی فائونڈیشن کا شکریہ ادا کیا ۔