4کشمیریوں کو شہیداور درجنوں کو زخمی کرنے کے خلاف وادی میں مکمل ہڑتال

علاقے میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بندرہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی

اتوار 2 جولائی 2017 12:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع اسلام آباد کے علاقے دیالگام میں گزشتہ روزبھارتی فورسز کی طرف سے 4کشمیریوں کو شہیداور درجنوں کو زخمی کرنے کے خلاف مکمل احتجاجی ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی ہے۔

علاقے میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بندرہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع اسلام آباد کے علاقے دیالگام میں گزشتہ روز ایک پر تشدد کاروائی کے دوران ایک خاتوں سمیت چار افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔ بھارتی فوجیوں نے پہلے محاصرے اورتلاشی کی ایک پرتشدد کاروائی کے دوران بشیر احمد وانی اور آزاد احمد کو شہیدکیا۔

(جاری ہے)

فوجیوں نے ایک رہائشی مکان کو بھی بم دھماکے سے اڑادیا۔ فوجی آپریشن کے خلاف پرامن مظاہرہ کرنے والوں پر بھارتی فورسزنے گولیاں، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے برسائے جس کے نتیجے میں ایک خاتون طاہرہ بیگم اور ایک نوجوان شاداب احمد شہید ہوئے۔ مزاحتمی قیادت نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے تحریک آزادی کو دبانے کے لیے مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کررکھا ہے۔

قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے آج سرینگر کے مختلف علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔ سرینگر کے علاقوں نوہٹہ، مہاراج گنج، رعناواری، خانیار، صفاکدل، مائسمہ اورکرالہ کھڈ میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔ اسلام آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروسز پہلے ہی معطل ہیں۔

متعلقہ عنوان :