پی ٹی اے نے موبائل فون کمپنی جاز کو فور جی سروسز کیلئے باقاعدہ لائسنس جاری کر دیا

جمعہ 30 جون 2017 21:40

پی ٹی اے نے موبائل فون کمپنی جاز کو فور جی سروسز کیلئے باقاعدہ لائسنس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2017ء) پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے موبائل فون کمپنی جاز (موبی لنک) کو فور جی سروسز کیلئے باقاعدہ لائسنس جاری کر دیا، لائسنس حاصل کرنے والی کمپنی نے 295 ملین ڈالر لائسنس فیس ادا کر دی۔ جمعہ کو یہاں جاز موبائل کو لائسنس دینے کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی اے کے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا کہ یہ موقع پرمسرت ہے کہ آج پاکستان کو ڈیجیٹل اور انٹرنیٹ ملک بنانے کیلئے ایک اور فور جی لائسنس کا اجراء کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فور جی لائسنس کے اجراء سے قومی خزانہ کو نہ صرف 295 ملین ڈالر کی خطیر رقم حاصل ہوئی ہے بلکہ اس سے ملک بھر میں ڈیٹا کی ترسیل کیلئے صارفین کو تیز ترین نیٹ ورک کی سہولت دستیاب ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تیز ترین ڈیٹا کی دستیابی اور ترسیل سے پاکستان کی اقتصادی و معاشی صورتحال میں بہتری آئے گی، روزگار کے مواقع کو فروغ ملے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان فور جی ٹیکنالوجی کے تحت ترقی کی منازل طے کرنے اور تیز ترین ڈیٹا سروس فراہم کرنے والے نمایاں ممالک میں ممتاز حیثیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ فور جی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے جاز موبائل پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گی جس سے ملک میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔

تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن، آئی ٹی و ٹیلی کام ماہرین، وزارت خزانہ و آئی ٹی ٹیلی کام کے اعلیٰ حکام سمیت جاز کمپنی کے حکام نے بھی شرکت کی۔ جاز کے چیف ایگزیکٹو افسر عامر ابراہیم نے اس حوالہ سے کہا کہ جاز میں ہمارے لئے یہ پیشرفت یقیناً بہت ولولہ انگیز ہے کیونکہ اس طرح ہم پاکستان کے دور دراز علاقوں تک پہنچ سکیں گے اور موبائل براڈ بینڈ کے تجربہ میں اضافہ کر سکیں گے۔ عامر ابراہیم نے کہا کہ اضافی سپیکٹرم کا حصول ملک کے ڈیجیٹل مستقبل میں جاز کی سرمایہ کاری کا اظہار ہے جو ایک حقیقی اور ہمارے وژن کے مطابق ہے۔

متعلقہ عنوان :