حق پر ست منتخب نمائندوں نے برساتی پانی میں اتر کر ڈی واٹرنگ کے عمل کو تیز کیا اور سیوریج کی بند لائنوں کوفوری طور پر درست کروایا،ایم کیو ایم پاکستان

گزشتہ آٹھ نو سالوں کی عدم توجہی اور کوتاہیوں نے شہر کراچی کے انفرااسٹرکچر کو تباہ کردیا ہے کچھ دیر کی بارش نے شہر کو تالاب میں تبدیل کردیا ہے

جمعرات 29 جون 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) ایم کیو ایم (پاکستان)کے اراکین قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی ،بلدیاتی نمائندوں اور تنظیمی ذمہ داران نے پری مون سون بارش کے بعد نکاسی آب ،سیوریج اور بجلی کی بحالی کیلئے عوام کے درمیا ن رہ کر عملی طور پر کاموں میں حصہ لیا اور تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے شہر یوں کو موجود تکالیف و پریشانی سے آگاہ کیا ۔

اراکین اسمبلی نے صفائی اور ڈی واٹرنگ کے کاموں میں بھی حصةلیا جبکہ بعض علاقوں میں اپنی مدد آ پ کے تحت کام بھی کیا گیاحق پرست ڈپٹی میئر ارشد وہرہ چیئر مین ڈی ایم سیز معید انور،ریحان ہاشمی اور نیئر رضا نے حق پرست اراکین اسمبلی کے ہمراہ پانی میں اتر کر ڈی واٹرنگ اور چوک لائنوں کو درست کرایا۔بارش کے دوران بھی منتخب نمائندے بھیگنے کے باوجود علاقوں میں عوام کے ساتھ موجود رہے جبکہ کے الیکٹرک کو بار بار فون کرکے تمام نقائص دور کرنے اور بجلی کی بحالی کے سلسلے میں بھی رابطہ کیا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم (پاکستان)نے پری مون سون بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گہر ی تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سندھ کو یاد دلایا ایم کیو ایم (پاکستان) اور اس کے منتخب نمائندے بارہا اپنے خدشات کا اظہار کرتے رہے گزشتہ آٹھ نو سالوں کی عدم توجہی اور کوتاہیوں نے شہر کراچی کے انفرااسٹرکچر کو تباہ کردیا ہے کچھ دیر کی بارش نے شہر کو تالاب میں تبدیل کردیا ہے بلدیاتی نمائندگان وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود عوام میں رہ کر عوام کی مشکلات کو کم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ۔ حکومت سند ھ فوری طور پر بلدیاتی اداروں کو وسائل فراہم کرے تاکہ عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔بصورت دیگر عوام راست قدم اٹھانے میںآزاد ہونگے۔