کراچی میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر موثر اقدامات نہ کیے جانے پر ترجمان پی ایس پی کااظہار تشویش

شہر کی مرکزی شاہراہوں، اور نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہو گیا، متعلقہ حکام اور عملہ غائب ہے ترجمان پاک سرزمین پارٹی

جمعرات 29 جون 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) پاک سر زمین پارٹی کے ترجمان نے کراچی میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے لئے قبل از وقت موثر اقدامات نہ کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہری و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر قائد میں حالیہ بارش کے نتیجے میں پانی کی نکاسی اور کچرے کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر کرائی جائے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ گٹروں، برساتی نالوں اور کچرے کی صفائی کیلئے کوئی پیشگی انتظامات ہی نہیں کیے گئے تھے جبکہ بارشوں کی پیشن گوئی محکمہ موسمیات کی جانب سے کردی گئی تھی، انہوں نے کہا کہ شہری حکومت کے عوامی خدمت کے بلند و بانگ دعوں جھوٹے ثابت ہو چکے، کراچی میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ہی شہر کی سڑکیں ندی و تالاب کر منظر پیش کررہی ہیں، نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے گھروں میں داخل ہوگیا ہے جس کہ وجہ سے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے نالوں کی صفائی کے لیے مختص کڑوڑوں کا فنڈ ہڑپ کر لیا گیا اور عوام کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ نہ عید سے قبل شہر سے کچرا صاف کیا گیا اور نہ ہی برساتی نالوں اور گٹروں کی صفائی کی گئی جس کی وجہ سے کچرے سے تعفن اٹھ رہا ہے جو کہ بیماریاں پھیلنے کا سبب ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی سندھ اور میئر کراچی سمیت افسران اس تمام صورتحال پر شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے موجود نہیں ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر شہر میں ہنگامی بنیادوں پر پانی کی نکاسی اور کچرے کی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ مزید بارشوں کی صورت میں شہر کو مزید تباہی اور بربادی سے بچایا جاسکے، انہوں نے کراچی میں مختلف حادثات میں متعدد افراد کے جاں بحق و زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔