پاناما کیس ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن کیس ہے جس کا فیصلہ جلد متوقع ہے،اعظم سواتی

انشاء اللہ 9جولائی کو حلقہPS-114کے عوام اپنے حلقے سے تبدیلی کے اس سفر کا آغاز کریں گے، کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 29 جون 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ لوگ اب ملک میں کرپٹ نظام اور کرپٹ سیاستدانوں سے تنگ آچکے ہیں اور تبدیلی کے لئے تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ پاناما کیس ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن کیس ہے جس کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ فیصلہ پاکستانی عوام کے حق میں آتا ہے یا ملک لوٹنے والوں کے حق میں ۔

کرپشن کے ناسور ے خلاف تحریک انصاف کی جنگ ہمیشہ جاری رہے گی۔PS-114 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی جیت یقینی ہے ۔جھوٹے دعوے اور وعدے کرنے والے پہلے 9سالہ کر کردگی کا حساب دیں۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اپنے 5روزہ دورے کے لئے کراچی آمد کے موقع پر ائیر پورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگواور PS-114کے علاقے محمود آباد، اعظم بستی اور مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا اور علاقہ معززین بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ حلقے کے نامزد امیدوار انجینئر نجیب ہارون، تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ، کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی،سردار عبد العزیز، سابق سینیٹر ہمایوں مندوخیل، ملک شہزاد اعوان، راجہ اظہر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔سینیٹر اعظم سواتی نے مزید کہا کہ میں نے حلقہ PS-114کے علاقے اعظم بستی اور محمود آباد میں کافی عرصہ گزارا ہے ، مجھے امید ہے کہ یہاں کے عوام تبدیلی کی خاطر تحریک انصاف کو ووٹ دے کر انجینئر نجیب ہارون کو کامیاب بنائیں گے۔

کراچی منی پاکستان ہے ، بد قسمتی سے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت گزشتہ کئی سالوں سے حکومت پر قابض اور ان کے اتحادیوں نے شہر کراچی کو بد امنی ، محرومی اور پستی کی طرف دھکیلا ۔ اب کراچی کی عوام کو امید کی آخری کرن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صورت میں نظر آرہی ہے ۔ انشاء اللہ 9جولائی کو حلقہPS-114کے عوام اپنے حلقے سے تبدیلی کے اس سفر کا آغاز کریں گے اور کسی سیاسی مافیا کے جھوٹے دعووں اور کھوکھلے نعروں اور بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔