پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور ایم کیو ایم کی کرپشن اور بدمعاشی کی سیاست کو حلقے کی عوام مسترد کر چکی ہے، انجینئرنجیب ہارون

-114کے عوام بلے کے نشان پر مہر لگا کر موقع پرست اور کرپٹ سیاستدانوں کو شکست سے دوچار کریں گے ، رہنماء پی ٹی آئی سندھ

جمعرات 29 جون 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و نامزد امیدوار برائے حلقہ پی ایس114انجینئر نجیب ہارون نے کہا ہے کہ 9جولائی کو فتح حق و سچ کی ہوگی۔ پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور اور ایم کیو ایم کی کرپشن اور بدمعاشی کی سیاست کو حلقے کی عوام مسترد کر چکی ہے۔ چور کا ساتھی کبھی ایماندار نہیں ہو سکتا۔پیپلزپارٹی، ن لیگ اور ایم کیو ایم کی بھتہ خوری، چوری اور کرپشن کی داستانیں ہر خاص و عام کی زبان پر ہیں۔

سیاست میں خرید و فروخت اور پیسے کا استعمال ہمیشہ شریف برادران اور آصف زرداری ٹولے نے کی ۔ پیپلز پارٹی کے امیدواراپنی جیت کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ 9سالہ دور حکومت کے بعد پیپلز پارٹی کو اب حلقہ پی ایس 114کے عوام کی یاد آئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے PS-114کی انتخابی مہم کے حوالے سے محمود آباد،چنیسر گوٹھ اور اعظم بستی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، سابق سینیٹر ہمایوں مندوخیل، سبحان ساحل، علاولدین آغا، بلال غفار، اکبر موریجو، امجد جاہ اور دیگر رہنما بھی ہمراہ تھے۔انجینئر نجیب ہارون نے مزید کہا کہPS-114کے عوام کبھی بھی چور وں، لٹیروں اور بد معاشوں کے حق میں فیصلہ نہیں کرے گی بلکہ اس شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لئے تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے پر مہر لگا کر موقع پرست اور کرپٹ سیاستدانوں کو شکست سے دوچار کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی امیدوار حلقے میں حکومتی وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں ۔ لوگوں کو نوکریوں کا جھانسہ دے کر ووٹ لینا چاہتے ہیں ۔پیپلز پارٹی نے حلقے کے کچھ علاقوں کو نو گو ایریا بنایا ہوا ہے جہاں پر لیاری گینگ وار اور منشیات فروشوں کو لا کر اپنی انتخابی مہم چلائی جارہی ہے اور ووٹرز کو زبردستی ووٹ ڈالنے کے لئے دبائو ڈالا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف امن ، اخوت اور محبت کا پیغام پھیلانے آئی ہے ۔حلقے کے بے تحاشہ مسائل ہیں لیکن اگر عوام کے تعاون سے ہمیں کامیابی ملی تو اس حلقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔پی ایس 114کے عوام کرپشن ، لوٹ مار، دہشت گردی اور بھتہ خوری کے اس نظام کے خاتمے کے لئے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوجائیں ۔انشاء اللہ شکست ان لٹیروں کا مقد ر بن چکی ہے۔