وفاقی حکومت نے پارہ چنار کو نو گو ایریا کیوں بنادیا ہے،سفاکانہ واقعہ کے بعد کوئی حکومتی نمائندہ متاثرین سے ہمدردی کیلئے وہاں نہیں گیا ، بلاول بھٹو

جب پیپلز پارٹی کے وفد نے وہاں جانے کی کوشش کی تو ہیلی کاپڑ کو وہاں اترنے کی اجازت نہیں دی گئی ،وفد کے ارکان کو واپس لوٹنے پر مجبور کیا گیا، چیئرمین پیپلز پارٹی

جمعرات 29 جون 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی ھکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے ایک وفد کو جوشمالی علاقہ جات میں بم دہماکوں کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کے لئے پارہ چنار جانا چاہتا تھا وہاں لینڈنگ کی اجازت نہ دینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ وفد میں سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک اورقومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی بھی شامل تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے سوال کیا ہے کہ اس نے پارہ چنار کو نو گو ایریا کیوں بنادیا ہے انہوں نے کہا کہ اس سفاکانہ واقعہ کے بعد کوئی بھی حکومتی نمائندہ متاثرین سے ہمدردی کے لئے وہاں نہیں گیا جب پیپلز پارٹی کے وفد نے وہاں جانے کی کوشش کی تو اس کے ہیلی کاپڑ کو وہاں اترنے کی اجازت نہیں دی گئی اور وفد کے ارکان کو مجبور کیا گیا کہ واپس لوٹ جائیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہا کہ پارہ چنار پاکستان کا حصہ ہے اور وہاں کے لوگوں کو ایک ایسے موقع پر بے یارو مدگار چھوڑ دیا گیا ہے جب وہ دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں، پیپلز پارٹی کے لئے یہ بات کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے پارہ چنار کے لوگوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کرنے اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

دریں اثناپیپلز پارٹی کے چئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جمعرات کوپیپلز پارٹی سندھ ایگزیکٹو، کراچی ایگزیکٹو اور ضلعی عہدیداران نے عید ملی - بلاول ھائوس میں ہونے والی ملاقات میں پارٹی کے کراچی سے منتخب ارکان بھی شامل ہیں- ملاقات میں آصفہ بھٹو زرداری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی پی کے چیئرمین نے کہا کہان کی جماعت 2018 کے انتخابات میں شاندار فتح حاصل کرے گی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دشمنوں کی پیشنگوئیاں ہمیشہ حیرت انگیز طور پر غلط ثابت کی ہیںاور 2018 میں ملک سمیت کراچی میں بھی پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سعید غنی کا ضمنی انتخاب کراچی میں عوامی فتوحات کی شروعات ہونگی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کارکنان سے کہا کہ وہ کمر کس لیں اور 2018 پر فوکس کریں - ملاقات میں پارٹی رہنمائوں نے چئرمین کو باری باری عید مبارک دیں - ملاقات میں نثار کھوڑو، مولا بخش چانڈیو، وقار مہدی، راشد ربانی، ڈاکٹر عاصم حسین، سینیٹر عاجز دھامرا، مکیش چاولہ،سینیٹر سعید غنی، شہلا رضا،حکیم بلوچ، مرتضی بلوچ، جاوید ناگوری، ساجد جوکھیو، سلمان عبداللہ مراد، اور دیگر صوبائی، ڈویڑنل اور ضلعی عہدیداران موجود تھے۔