سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،بہت بڑی تعداد میں سیاح گلگت بلتستان آرہے ہیں،ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی موثر سیکورٹی یقینی بنائیگی ، ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک

جمعرات 29 جون 2017 21:10

چلاس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک نے کہا ہے کہ سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، بہت بڑی تعداد میں سیاح گلگت بلتستان آرہے ہیں،ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی موثر سیکورٹی یقینی بنائے گی۔ سیاحوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شام پانچ بجے کے بعد شاہراہ بابوسر پر سفر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

وہ بروز جمعرات شاہراہ بابوسر پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے ، چلاس پٹرول پمپوں کے دورے اور بابوسر میں سیاحتی فسلٹیشن سنٹر کے دورے کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ۔انہوں نے پیٹرول پمپ مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ پیٹرول کی قلت پیدا نہ ہونے دیں۔ پانچ ہزار لیٹر تک پیٹرول سٹاک رکھیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کے کے ٹی ایف فورس میجر وقاص ، اسسٹنٹ کمشنر چلاس ظہور احمد مری ، قائمقام ایس پی امیر اللّہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ سیاحت دیامر مبشر ایوب سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحوں کی سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ تین مجسٹریٹس سمیت لیویز فورس کے اہلکار شاہراہ بابوسر پر گشت کرینگے۔ سیاحوں کی معلومات کیلئے بابوسر ٹاپ سمیت چار مقامات پر فسلٹیشن سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ جلد صاف کی جائے گی۔