عوامی نیشنل پارٹی ضلع پشاور کی آرگنائزنگ کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس امیر حیدر خان ہوتی کی قیادت میں ہوا

پشاور کی تنظیمی وسیاسی صورتحال پر تفصیلی غور حوض کیا گیا ،30 جولائی تک ضلع کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل کیا جائیگا، اجلاس میں فیصلہ جس کیلئے دو مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں

جمعرات 29 جون 2017 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2017ء) عوامی نیشنل پارٹی ضلع پشاور کی آرگنائزنگ کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی کے زیر صدارت باچا خان مرکز پشاور میں منعقد ہوا۔ جس میں دوسروں کے علاوہ صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان ، صوبائی انفارمیشن سیکرٹری ہارون بشیر بلور اور ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع پشاور کی تنظیمی صورتحال اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور حوض کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ 30 جولائی تک ضلع پشاورکا تنظیمی ڈھانچہ مکمل کیا جائیگا۔ جس کیلئے دو مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ ایک کمیٹی ضلعی آرگنائزر خوشدل خان ایڈوکیٹ کی سربراہی میں اور دوسرے مرکزی سیکرٹری مالیات اور ضلعی سیکرٹری ارباب محمد طاہر خان خلیل کی سربراہی میں ضلع پشاور میں تنظیمی ڈھانچے کو مکمل کرے گی۔

(جاری ہے)

ان کیساتھ ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے اور ممبران بھی اس عمل میں شامل ہونگے۔ضلعی آرگنائز ر خوشدل خان ایڈوکیٹ نے ضلع پشاور کے تمام یونین کونسل کے آرگنائزنگ کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ 4 جولائی تک تمام ممبرشپ کو ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے پاس جمع کیا جائے۔ اس کے بعد جن ممبران نے ممبر شپ نے جمع نہ کیا تو اُس کو منسوخ تصور کیا جائیگا۔ اور 4 جولائی تک ضلع پشاور میں تمام یوسی آرگنائزنگ کمیٹیاں اپنی اپنی یونین کونسل میں ویلج کونسل کے تنظیمی ڈھانچے کو مکمل کر کے اُس کی تفصیل ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کے حوالے کریں۔

اس موقع پر صوبائی صدر جنا ب امیر حیدر خان ہوتی نے ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی کو ہدایت کی کہ ضلع پشاور نے ہمیشہ انتخابات میں پارٹی کے منتخب اُمیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ہے۔ اور انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی ضلع پشاور اور پورے صوبے میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے صوبے میں حکومت بنائے گی۔ ضلعی آرگنائزر خوشدل خان ایڈوکیٹ اور ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی نے صوبائی صدر کو یقین دلایا کہ پارٹی مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کی قیادت میں پہلے سے زیادہ فعال اور مضبوط ہے۔ جس کا ثبوت آئے روز پارٹی میں لوگوں کی جوق در جوق شمولیت ہے۔