وزیر مملکت اطلاعات کی خیبر پختونخوا حکومت کیخلاف پریس کانفرنس پانامہ کے اثرات ہیں،مسلم لیگ ن کے درباری تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود شریف برادان کو نہیں بچا سکیں گے،عوام ان سے لندن فلیٹس اور اربوں روپے کاحساب لے کر ہی رہیں گے

صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کا مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل

جمعرات 29 جون 2017 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف پریس کانفرنس پانامہ کے اثرات ہیں،مسلم لیگ ن کے درباری تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود شریف برادان کو نہیں بچا سکیں گے،عوام ان سے لندن فلیٹس اور اربوں روپے کاحساب لے کر ہی رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بروز جمعرات وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی خیبر پختونخوا حکومت کیخلاف پریس کانفرنس کے رد عمل میں کہا کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام شریف برادران سے بجلی،گیس اور نادرا کا حساب مانگ رہے ہیں۔شریف برادران نے بجلی کے نام پر اتنے جھوٹ بولے ہیں کہ اب یہ اپنا نام بھی کھو بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں357مائیکرو ہائیڈل(گائوں کی سطح پر چھوٹے بجلی گھر) امسال دسمبر میں مکمل کر لئے جائیں گے اور مذکورہ مائیکرو ہائیڈل بجلی گھر کمیونٹی کے حوالے کر دئیے جائیں گے جن سے 2روپے فی یونٹ بجلی مقامی لوگوں کو حاصل ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ایم ایل(این)اپنی35سالہ دور میں بجلی کی ضرورت پوری کردیتی تو آج ہمیں چھوٹے ہائیڈل پاور نہ بنانے پڑتے ۔گزشتہ دور حکومت میں مینار پاکستان میں بیٹھ کر ہاتھ کا پنکھا استعمال کرنے والے مداریوں نے اب اپنے دور حکمرانی میں ملک کو پہلے سے زیادہ اندھیروں میں ڈبو دیا ہے خیبر پختونخوا میں ایک ارب درخت لگانے کی مہم سے متعلق صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بلین ٹری سونامی سے متعلق 4ہزار سائیٹس ہیں مسلم لیگ ن کے تمام درباری تشریف لے آئیں ایک ایک درخت گن کر دکھائیں گے۔

شاہ فرمان کا کہناتھا کہ تحریک انصاف نے جس تبدیلی کا وعدہ کیا تھا اس کے ثمرات یہاں کے عوام تک پہنچ رہے ہیں لیکن مخالفین کو خیبر پختونخوا میں تعصب کی عینک اتارے بغیریہ تبدیلی نظر نہیں آ سکتی۔