میئر سید طیب حسین سے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سلیم راجپوت کی ملاقات

جمعرات 29 جون 2017 21:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) میئر حیدرآباد سید طیب حسین سے ان کے آفس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سلیم راجپوت نے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دیتے ہوئے مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر کئے گئے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اس موقع پر میونسپل کمشنر شاہد علی خان اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے میئر سید طیب حسین نے بتایا کہ مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد میں فوری طور پر رین ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے اور افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ریڈ الرٹ کر دیا ہے ڈپٹی کمشنر سلیم راجپوت نے کہا کہ بلدیہ ، واسا اور دیگر متعلقہ ادارے ایک دوسرے کے رابطے میں رہیں اور مل جل کر بارشوں کے پانی کی نکا سی کے لئے مثبت اقدامات کئے جائیں پمپنگ اسٹیشنوں پر نہ صرف عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے بلکہ کسی بھی صورتحال سے نبر د آزما ہونے کے لئے اپنے آپ کو ہمہ وقت تیار رکھیں اور پمپنگ اسٹیشنوں پر اسٹینڈ بائی جنریٹر کا بندو بست کیا جائے میئر سید طیب حسین نے کہا کہ متوقع بارشوں سے نمٹنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کئے ہیں انشاء اللہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔