وزیراعلیٰ پنجاب نے بلدیاتی اداروں کو مزید موثر بنانے کیلئے موجودہ بجٹ میں بڑے فنڈز مختص کیے ہیں،صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی

جمعرات 29 جون 2017 20:40

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء) صوبائی وزیر تعمیرات ملک تنویر اسلم سیتھی نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو مزید موثر بنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پنجاب کے موجودہ بجٹ میں بڑے فنڈز مختص کیے ہیں اور انشاء اللہ ان فنڈز سے بلدیاتی اداروں میں ترقیاتی عمل مزید تیز ہوگا اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے گزشتہ عام انتخابات کے دوران جو وعدے کیے تھے وہ انشاء اللہ تمام پورے ہونگے۔

وہ قصبہ دھرکنہ میں علاقہ ونہار کی تاریخ کے ایک بڑے جلسے میں خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر تنویر اسلم سیتھی نے حضرت بابا جی سید صدر الدین شاہ روڈ کا افتتاح کیا جو 37لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے۔ سپاسنامہ ملک نوید اکبر نے پیش کرتے ہوئے گائو ںکے مسائل کے بارے میں نشاندہی کی۔

(جاری ہے)

جبکہ وائس چیئرمین ملک طاہر یونس، ملک تصدق حسین، حاجی ملک اشتیاق حسین اور ملک حفیظ دھرکنہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے قصبہ دھرکنہ کے عوام کا سڑک کا مطالبہ پورا ہوا ہے۔

صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی نے مزید کہا کہ انشاء اللہ2018تک ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوگا اور سی پیک منصوبے کے مکمل ہونے سے پورے علاقے اور ملک میں ایک معاشی انقلاب برپا ہوگا۔