ْ مریم اورنگزیب کی خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف پریس کانفرنس پاناما کے اثرات ہیں،شاہ فرمان

تبدیلی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ،مخالفین کو خیبر پختونخوا میں تعصب کی عینک اتارے بغیریہ نظر نہیں آ سکتی،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

جمعرات 29 جون 2017 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف پریس کانفرنس پاناماکے اثرات ہیں۔تبدیلی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ،مخالفین کو خیبر پختونخوا میں تعصب کی عینک اتارے بغیریہ نظر نہیں آ سکتی۔

وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب کی خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف پریس کانفرنس کے رد عمل میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام شریف برادران سے بجلی،گیس اور نادرا کا حساب مانگ رہے ہیں۔شریف برادران نے بجلی کے نام پر اتنے جھوٹ بولے ہیں کہ اب یہ اپنا نام بھی کھو بیٹھے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں357مائیکرو ہائیڈل(گائوں کی سطح پر چھوٹے بجلی گھر) امسال دسمبر میں مکمل کر لئے جائیں گے اور مذکورہ مائیکرو ہائیڈل بجلی گھر کمیونٹی کے حوالے کر دئیے جائیں گے جن سے 2روپے فی یونٹ بجلی مقامی لوگوں کو حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ایم ایل(این)اپنی35سالہ دور میں بجلی کی ضرورت پوری کردیتی تو آج ہمیں چھوٹے ہائیڈل پاور نہ بنانے پڑتے ۔گزشتہ دور حکومت میں مینار پاکستان میں بیٹھ کر ہاتھ کا پنکھا استعمال کرنے والے مداریوں نے اب اپنے دور حکمرانی میں ملک کو پہلے سے زیادہ اندھیروں میں ڈبو دیا ہے خیبر پختونخوا میں ایک ارب درخت لگانے کی مہم سے متعلق صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بلین ٹری سونامی سے متعلق 4ہزار سائیٹس ہیں مسلم لیگ ن کے تمام درباری تشریف لے آئیں ایک ایک درخت گن کر دکھائیں گے۔

شاہ فرمان کا کہناتھا کہ تحریک انصاف نے جس تبدیلی کا وعدہ کیا تھا اس کے ثمرات یہاں کے عوام تک پہنچ رہے ہیں لیکن مخالفین کو خیبر پختونخوا میں تعصب کی عینک اتارے بغیریہ تبدیلی نظر نہیں آ سکتی۔