وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملک بھر میں ریلوے کی زمینوں پر ’’کارٹ مارٹ‘‘بنانے کی منظوری دے دی

ریلوے کا ایک قومی ادارے کے طور پر وسائل کا اپنے غریب ،مستحق عوام کیلئے استعمال ایک جمہوری حکومت کی ذمہ داری ہے

جمعرات 29 جون 2017 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملک بھر میں ریلوے کی زمینوں پر ’’کارٹ مارٹ‘‘بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے محکمہ ریلویز کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کو مختلف شہروں اور قصبوں میں ریڑھیوں کے خوبصورت بازار قائم کرنے کے لیے مناسب جگہوں کی نشاندہی، بازاروں اور ریڑھیوں کی خوبصورت ڈیزائننگ سمیت دیگر تفصیلات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ یہ کارٹ مارٹ ریلوے کے نام سے منسوب ہوں گے۔ انہوں نے اس موقع پر قرض حسنہ فراہم کرنے والے نیک نام ادارے ’’اخوت‘‘کے ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب سے بھی رابطہ کیا اور اس تجویز سے آگاہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ اخوت ان ریڑھی بازاروں میں مستحقین کو ریڑھیوں پر کاروبارکے لیے بغیرسود کے قرض فراہم کرے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرامجدثاقب نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ’’اخوت‘‘اس سلسلے میں پہلے ہی ریڑھیوں کے ڈیزائن تیار کر چکی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں پر کارٹ مارٹ بناکرجہاں ریلوے کی مختلف شہروں میں قیمتی زمینوں کا قبضہ گروپوں سے تحفظ کیاجاسکے گاوہیں ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرکے غربت اور بے روزگاری کے خلاف جہاد بھی کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ان بازاروں سے سستی اور معیاری اشیاصارفین کو ملنے کے ساتھ ساتھ شہروں میں تجاوزات میں بھی کمی آئے گی۔

خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی کہ لینڈ ڈیپارٹمنٹ ایسی منصوبہ بندی کرے کہ کم سے کم جگہ پر زیادہ سے زیادہ شہریوں کو کاروبار کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ ان تمام جگہوں پر پانی، بجلی، سیوریج اور پارکنگ جیسی بنیادی سہولتیں فراہم ہوں، ریلوے ’’کارٹ مارٹ‘‘ کے لیے مختلف جگہوں کی نہ صرف چاردیواری کرے بلکہ ریڑھیوں کے اُوپر دیدہ زیب چھت بھی بنا کر دی جائے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کا ایک قومی ادارے کے طور پر وسائل کا اپنے غریب اور مستحق عوام کے لئے استعمال ایک جمہوری حکومت کی ذمہ داری بھی ہے اور کارثواب بھی ہے۔ انہوں نے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیاجائے۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمدجاویدانور، ممبرفنانس غلام مصطفی، مشیر ریلویز انجم پرویز، ایڈیشنل جنرل منیجر عبد ا لحمید ر ا ز ی ، ا یڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچرہمایوں رشید، جوائنٹ ڈائریکٹرپراپرٹی اینڈلینڈحفیظ اللہ سمیت دیگراعلیٰ افسران نے شرکت کی۔