اسپاٹ فکسنگ کیس ،معطل کرکٹر خالد لطیف کے وکیل کا پی سی بی پر معاملے میں ملوث ہونے کا الزام

پی سی بی کے ڈسپلنری پینل نے خالد لطیف کی جانب سے ٹریبیونل کے سربراہ پر عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جس شخص کا کیس سے تعلق نہ ہو وہ سپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کر سکتا ہے، پی سی بی کے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں کوئی صداقت نہیں‘ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 29 جون 2017 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر خالد لطیف کے وکیل نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر معاملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کر دیا جبکہ پی سی بی کے ڈسپلنری پینل نے خالد لطیف کی جانب سے ٹریبیونل کے سربراہ پر عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ معطل کرکٹر خالد لطیف کے وکیل بدر عالم نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پینل کے سامنے اپنا موقف پیش کر دیا، پینل نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے اور آرڈر پڑھنے کے بعد اس حوالے سے موقف کی وضاحت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اعتراض قانونی ہے جسے ایک عام آدمی بھی سمجھ سکتا ہے، چیئرمین پی سی بی کو ٹریبیونل بنانے کا اختیار ہی نہیں ہے کیوں کہ پی سی بی کے آئین میں لکھا ہے کہ یہ ذمہ داری بورڈ کی ہے اور پی سی بی کے قانونی مشیر ہی پراسیکیوٹر بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جب کہ جسٹس (ر) اصغر حیدر پی سی بی کے سابق لیگل ایڈوائزر رہے ہیں اس لیے انہیں ٹریبیونل کا حصہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ کیس کا ایک فریق پی سی بی ہے جس کے ساتھ وہ منسلک رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرنل اعظم نے بتایا کہ 6 فروری کو بکی کی آمد کا علم ہو گیا تھا، 9فروری کو بکی نے کھلاڑیوں سے رابطہ کیا، سوال یہ ہے کہ کھلاڑیوں کی نگرانی کیوں نہیں کی گئی اور انہیں خبردار کیوں نہیں کیا گیا، بکی کی گرفتاری کے حوالے سے اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا جواب جمع کروا دیا ہے، ہمارا کیس بہت مضبوط ہے اور پی سی بی کے پاس ایک ثبوت بھی موجود نہیں ہے، خالد لطیف کے بیان کو توڑ مروڑ کر جرم بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔

پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ کرکٹر کے وکیل کی جانب سے کرنل (ر) اعظم کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، کبھی ان کے بیان کو اپنے حق میں اور کبھی اپنے خلاف لیتے ہیں، ان پر جانبدارانہ کارروائی کا الزام لگایا گیا اور اب ٹریبیونل کے سربراہ پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، پلیئرز کو 9مارچ کو بھی اینٹی کرپشن پر لیکچرز دیئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کا کیس سے تعلق نہ ہو وہ سپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کر سکتا ہے، پی سی بی کے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں کوئی صداقت نہیں۔