جناح برن سینٹر میں زیر علاج مریضوں کے سلسلہ میں اجلاس

زیادہ جلے ہوئے مریضوں کیلئے عطیہ کی گئی جلد امریکہ سے یہاں پہنچانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں‘بریفنگ

جمعرات 29 جون 2017 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) جناح برن سینٹر میں سانحہ بہاولپور کے زخمی مریضوں کے علاج معالجے کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا -جس میں پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل پروفیسر راشد ضیاء، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سہیل ثقلین اور پروفیسر معظم نذیر تارڑ ایگزیکیٹو ڈائریکٹر جناح برن سینٹر نے شرکت کی- فی الوقت 18 مریض جناح برن سینٹر میںزیر علاج ہیں ان میں سے 11انتہائی تشویشناک حالت میں لائے گئے تھے -3مریضوں کے جلد کی پیوند کاری کے آپریشن مکمل کئے جا چکے ہیں- ایک مریض (8سالہ یوسف) صحتیابی کے بعد بہاولپور روانہ کیا جا چکا ہی-مریضوں اور ان کے لواحقین کی ذہنی اور نفسیاتی سپورٹ کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر اور جناح برن سینٹر کے Clinical pyschologistپر مشتمل ٹیم مصروف عمل ہے - ہسپتال کی انتظامیہ ، انجمن بہبودی مریضاں ، دیگر سماجی اداروں اور لاہور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ان کی فلاح و بہبود کا مکمل خیال رکھے ہوئے ہیں- زیادہ جلے ہوئے مریضوں کے لئے عطیہ کی گئی جلد (SKin Allografts) امریکہ سے یہاں پہنچانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں- جناح برن سینٹر کے ماہرین اس جلد کو کامیابی سے زیر استعمال لانے کے لئے کلیدی کردار ادا کریں گے اور اس سلسلہ میں ملتان برن سینٹر اور بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کے معالجین سے تعاون اور ان کے رہنمائی کے لئے لائحہ عمل مرتب کر چکے ہیں-