قومی کرکٹ ٹیم نے چمپئن ٹرافی جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،محمد بخش مہر

قومی کرکٹ ٹیم کو خراج اور ان کے اعزاز میں استقبالیہ دینے کے لیے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ان کو مدعو کیا ہے،صوبائی وزیر کھیل سندھ کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 29 جون 2017 19:41

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2017ء) صوبائی وزیر کھیل سندھ محمد بخش مہر نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے چمپئن ٹرافی جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ٹیم کے کپتان کا تعلق صوبے میں کرکٹ کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا ،پی سی بی صوبے کے دیگر شہروں کے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرے سندھ حکومت کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی کے لیے موثر حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر پہنچ کر1755 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اسپورٹس کمپلیکس سکھر کی تعمیرات کا جائزہ لیتے ہوئے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو خراج اور ان کے اعزاز میں استقبالیہ دینے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کو مدعو کیا ہے انہوں نے کہا کہ پی سی ایل کا فائدہ ہوا ہے جلد سندھ لیگ کھیلا جائے گا جس میں پورے صوبے کے شہروں کی ٹیموں کا بلایا جائے گا ہاکی، اسکوائش، والی بال، فٹ بال ، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مثبت فروغ کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

محمد بخش مہر نے کہا کہ موسم کی خرابی کے نتیجے میں سندھ گیمز ملتوی کیے گئے ہیں نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا ۔ محمد بخش مہر نے سکھر اسپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ، ہاکی، اسکوائش، فٹبال اور دیگر میدانوں کی تعمیر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات بین الاقوامی معیار کے مطابق اور بروقت کام اچھی روایت کی بنیاد ڈالے گی انہوں نے بتایا کہ کمپلیکس کا کام 60 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور باقی کام کی رفتار و معیار کی نگرانی محکمہ کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا اور نوجوانوں کو آگے لانے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے ۔ #