سندھ حکومت صوبے کی عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کررہی ہے،سید ناصر حسین شاہ

سندھ حکومت کی جانب سے اسپتالوں میں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے 5 ہزار ڈاکٹرز کو بھرتی کیا گیا ہے،صوبائی وزیر اطلاعات سندھ

جمعرات 29 جون 2017 19:41

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے کی عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ شہروں کی ترقی کے لیے بھرپور حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے کراچی سمیت تمام شہروں میں میگا ترقیاتی پروجیکٹ میں تیزی لائی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی میں اپنی رہائش گا ہ پر روہڑی ،سکھر اور پنوعاقل کے عوام سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور جمہوریت کے فروغ میں پیپلزپارٹی کے قائدین کی جانب سے دی جانے والے قربانیاں کسی سے مخفی نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قائد شہید بینظیر بھٹو نے عوام سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے منشور دے کر ثابت کیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹوکے ویژن کو مزید تقویت دی جائے اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی چوکھٹ پر فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ غرباء اور مساکین کی ترقی ، خوشحالی، بیروزگاروں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کرکے ان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا، خواتین کو دستکاری سمیت چاردیواری میں رہتے ہوئے معاشرے میں عزت اور وقار کے ساتھ زندگی بسر کرنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ہی پیپلزپارٹی کاخاصہ ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سکھر ، روہڑی اور پنوعاقل سمیت گردو نواح میں اسپتالوں میں مریضوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے، قدرتی آفات، بارشوں ، سیلاب اور دیگر اہم مسائل پر مضبوط میکنزم کے ساتھ عمل درآمد کیا جارہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوی ہدایات پر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے کیونکہ بلاول بھٹو زرداری غریبوں اور مستحق افراد کے لیے خدمت کا وہی جذبہ رکھتے ہیں جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے ان کو سونپا تھا ۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے اسپتالوں میں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے حال ہی میں 5 ہزار سے زائد ڈاکٹرز کو بھرتی کیا گیا ہے جبکہ اسکولوں میں معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے صوبے بھر میںایک ہزار سے زائد ہیڈماسٹرز کو بھرتی کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سندھ حکومت نے نئی اسامیوں کو پر کرنے کے لیے خطیر رقم مختص کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تما م اضلاع میں ترقیاتی اسکیموں پر مکمل نگرانی کی جارہی ہے تاکہ ان کو بروقت مکمل کرکے مزید اسکیموں کی منصوبہ بندی ممکن بنائی جاسکے ۔ اس موقع پر معززین شہر، منتخب نمائندوں، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے اپنے مسائل سے آگاہی دی۔#

متعلقہ عنوان :