شیخ محمد بن راشد المکتوم نے چھوٹے سے برطانوی گاؤں کو میتھوڈسٹ گرجا خریدنے میں مدد دی

گروپ کو گرجا خریدنے کیلئے 90 ہزار پاؤنڈ درکار تھے ،ْ مقامی برادری اسے خرید کر کمیونٹی سینٹر میں تبدیل کرنا چاہتی تھی

جمعرات 29 جون 2017 19:40

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء)دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایک چھوٹے سے برطانوی گاؤں کو ایک میتھوڈسٹ گرجا خریدنے میں مدد دی ہے۔برطانیہ کے شہر ہیلسٹن کے قریب گڈولفن کراس کے رہائشیوں نے شیخ سے گرجا خریدنے کے لیے فنڈز کی اپیل کی تھی۔ اس گاؤں کا نام اور شیخ المکتوم کی مدد سے بنائے جانے والے دنیا کے مشہور گھوڑوں کے گڈولفن اصطبل کا نام ایک جیسا ہے۔

گڈولفن کراس کمیونٹی ایسوسی ایشن کے رچرڈ مکی نے کہاکہ ہم بہت ممنون ہیںگروپ کو گرجا خریدنے کے لیے 90 ہزار پاؤنڈ درکار تھے اور مقامی برادری اسے خرید کر کمیونٹی سینٹر میں تبدیل کرنا چاہتی تھی۔ گروپ نے ابھی تک اس کے لیے 25 ہزار پاؤنڈ جمع کیے ہیں۔ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ شیخ المکتوم نے کتنی رقم دی ہے تاہم گاؤں والوں کے مطابق اب وہ گرجا خریدنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ خیال گاؤں کی ایک رہائشی ویلری ویلس کو آیا کیونکہ اس سے پہلے ان کا گروپ گرجا خریدنے کے لیے مطلوبہ رقم اکٹھی کرنے میں ناکام رہا تھا۔مکی کے مطابق انھوں نے اس کے متعلق کچھ نہ سوچا لیکن پھر دبئی سے فون آنا شروع ہو گئے۔ہمیں لگا کہ ہمارے ساتھ کوئی فراڈ ہو رہا ہے لیکن وہ (کالیں) جعلی نہیں تھیں۔شیخ المکتوم کی طرف سے، جنھیں گاؤں والوں نے مدعو بھی کیا ہے اس معاملے میں ابھی تک کوئی بیان نہیں آیااب اس گروپ کو اس گرجے کے ہال کو اپنی اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے ساڑھے تین لاکھ پاؤنڈ درکار ہیں۔