محکمہ موسمیات کی طرف سے موسلادھار بارش کی پیشن گوئی پر راولپنڈی میں گرین ایمرجنسی نافذ کردی گئی

جمعرات 29 جون 2017 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) محکمہ موسمیات کی طرف سے موسلادھار بارش کی پیشن گوئی پر راولپنڈی میں گرین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود کے مطابق راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں جمع شدہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے راولپنڈی کو چار زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے جن میں لیاقت باغ، باغ سرداراں، سیٹلائٹ ٹاون اور خیابان سرسید شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چاروں زونز میں نکاسی آب کے جدید آلات مہیا کئے گئے ہیں اور سب ڈویژن افسران کی سرپرستی میں ٹیمیں موجود ہیں۔ راجہ شوکت نے کہا کہ گذشتہ روز بارش کے بعد بعض علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کا انتظام کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ واسا کے عملے کی چھٹیاں منسوخ ہیںاور واسا کا متعلقہ سٹاف چوبیس گھنٹے واسا کے کنٹرول روم میں موجود ہے جہاں کسی بھی ہنگامی صورت حال یا شکایت کی صورت میں فون نمبر 5555489 پر رابط کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں یا راستوں میں پانی جمع ہو جائے ان کے بارے میں شہری فوری طور پر کنٹرول روم سے رابط کیا کریں تاکہ ڈی واٹرنگ کے لیے ٹیمیں روانہ کی جاسکیں۔ راجہ شوکت محمود نے کہا کہ اس وقت راولپنڈی شہرمیں شہریوں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے واسا کے 28 واٹر ٹینکرتیار ہیں اور کسی بھی کال پر فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پانی فراہم کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :