جولائی 2017ء کے آخر تک مردم شماری کے عبوری نتائج مرتب کر لئے جائیں ،ْوزیر خزانہ کی ہدایت

مردم و خانہ شماری کوائف مرتب ہونے سے ملک کی بہتر اقتصادی منصوبہ بندی و ترقی میں مدد ملے گی ،ْاجلاس سے خطاب 24 مئی کو چھٹی مردم شماری کا فیلڈ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے ،ْچیف شماریات آصف باجوہ کی بریفنگ

جمعرات 29 جون 2017 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہدایت کی ہے کہ جولائی 2017ء کے آخر تک مردم شماری کے عبوری نتائج مرتب کر لئے جائیں ،ْ مردم و خانہ شماری کوائف مرتب ہونے سے ملک کی بہتر اقتصادی منصوبہ بندی و ترقی میں مدد ملے گی جبکہ شماریات کے سربراہ آصف باجوہ نے وزیر خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 24 مئی کو چھٹی مردم شماری کا فیلڈ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

جمعرات کو وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت مردم و خانہ شماری 2017ء کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا جس میں شماریات کے سربراہ آصف باجوہ نے وزیر خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 24 مئی کو چھٹی مردم شماری کا فیلڈ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران چاروں صوبوں کے 151 اضلاع بشمول آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں یہ عمل مکمل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مردم و خانہ شماری دو مرحلوں میں کی گئی۔ پہلے مرحلہ میں 63 اضلاع جبکہ دوسرے مرحلہ میں 88 اضلاع میں یہ کام کیا گیا۔ پہلا مرحلہ 15 مارچ سے شروع ہو کر 13 اپریل کو اختتام پذیر ہوا جبکہ دوسرا مرحلہ 25 اپریل سے 24 مئی تک جاری رہا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں ایک لاکھ 68 ہزار 540 مردم شماری بلاکس سے ڈیٹا جمع کرنے کیلئے ایک لاکھ 19 ہزار کی تعداد میں عملہ کی خدمات حاصل کی گئیں۔

سویلین فیلڈ سٹاف کے ساتھ ساتھ 2 لاکھ فوجی جوانوں نے بھی اس عمل کے دوران بطور سیکورٹی اور مردم شماری ٹیم کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کے تمام کوائف مسلح افواج کے عملہ کی نگرانی میں محفوظ کر لئے گئے ہیں اور سارے ریکارڈ کی چھانٹی اور ترتیب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو یقین دہانی کرائی کہ مردم شماری کے عبوری نتائج مقررہ مدت کے اندر یعنی جولائی 2017ء کے آخر تک دستیاب ہوں گے۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ بین الاقوامی آزاد مبصرین جنہوں نے اس عمل کے دوران مختلف جگہوں کا دورہ کرکے عوام سے رابطہ کرکے معلومات حاصل کیں انہوں نے مردم شماری کے عمل کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عمل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا گیا۔ انہوں نے اکا دکا واقعات کے سوا اس سارے عمل کے پرامن طور پر منعقد ہونے کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مردم و خانہ شماری کا عمل کامیابی سے مکمل ہونے کا سہرا پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس، مسلح افواج کے جوانوں، صوبائی حکومتوں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے عمل میں عوام کی شرکت اور ان کی دلچسپی حوصلہ افزاء رہی۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ آخری مرتبہ مردم و خانہ شماری 1998ء میں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہی کرائی گئی تھی جس کے بعد تقریباً دو عشروں کے بعد چھٹی مردم شماری بھی مسلم لیگ (ن) کے دور میں کرائی جا رہی ہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ادارہ برائے شماریات کے حکام پر زور دیا کہ وہ مقررہ مدت کے اندر مردم و خانہ شماری کے نتائج مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ مردم و خانہ شماری کوائف مرتب ہونے سے ملک کی بہتر اقتصادی منصوبہ بندی و ترقی میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :