وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے برطانوی قائمقام ہائی کمشنر رچرڈ کرائوڈر کی ملاقات ،ْ پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کیلئے برطانوی حکومت کیساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ،ْ وزیر خزانہ اسحاق ڈار

جمعرات 29 جون 2017 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ برطانیہ کیساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کیلئے برطانوی حکومت کیساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔وہ جمعرات کو قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کرائوڈر کے ساتھ وزارت خزانہ میں ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔

پاکستان میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے شعبہ (ڈی ایف آئی ڈی) کی نائب سربراہ جودتھ ہربرٹسن بھی قائم مقام ہائی کمشنر کے ہمراہ تھیں جبکہ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر خزانہ اور قائم مقام ہائی کمشنر نے پاک۔برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے ساتھ مضبوط اور تاریخی شراکت داری استوار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان میں مختلف اقدامات اور منصوبہ جات کیلئے ڈی ایف آئی ڈی سمیت برطانوی حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے مالی سال 2016-17ء میں جی ڈی پی کی 5.28 فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے جو عشرے میں بلند ترین ہے اور رواں مالی سال کیلئے یہ ہدف 6 فیصد ہے۔ قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر خزانہ کو 10 اور 11 جولائی 2017ء کو لندن میں ڈی ایف آئی ڈی کی میزبانی میں منعقد ہونے والی فیملی پلاننگ سمٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :