آصف علی زرداری کا پاکستان کی حمایت کرنے پر چین کا شکریہ

چین نے ثابت کر دیا کہ چین پاکستان کا مخلص ترین دوست ہے، سابق صدر

جمعرات 29 جون 2017 18:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2017ء) سابق صدر و معاون چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے دہشت گردی سے متعلق امریکی و بھارتی مشترکہ اعلامیہ پر چین نے جس طرح سامنے آکر پاکستان کی حمایت اور مدد کی ہے میں اس پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوںچین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ چین پاکستان کا مخلص ترین دوست ہے۔

آصف علی زرداری یہاں نوشہرو فیروز سندھ میں عوامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ چین نے دہشت گردی جیسے مسئلہ پر جس طرح سامنے آکر پاکستان کی حمایت اور مدد کی ہے میں اس پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوںچین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ چین پاکستان کا مخلص ترین دوست ہے۔واضح رہے کہ امریکہ اور بھارت کے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان پر سرحد پار دہشت گردی کا جو الزام لگایا گیا تھا اس کے ردعمل کے طور پر جس طرح چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کھانگ نے پاکستان کی ترجمانی کرتے ہوئے ٹھوس دلائل کے ساتھ منہ توڑ جواب دیاوہ قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کرتا رہا ہے اور کر رہا ہے۔پاکستان خود سب سے زیادہ دہشت گردی کاشکار رہا ہے۔ دنیا کو پاکستان کی قوم اور افواج کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنا چاہئے نہ کہ تنقید کی جائے ۔ پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان کی مزید مدد کی جانی چاہئے۔سابق صدر نے مزید کہا کہ حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو امریکہ اور بھارتی گٹھ جوڑ سے دہشت گرد قرار دینا کشمیر کی آزادی کی تحریک کو کچلنے کے مترادف ہو گا۔