این اے 260 کے ضمنی انتخابات میں صاف ستھرے کردار کے حامل امیدوار کی نامزدگی سرمایہ دارانہ سیاسی نظام کی شکست ہے ، سردار یار محمد رند

پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں بلوچستان کے مسائل کو جس موثر انداز میں اجاگر کریگی ،واضح اثرات محسوس کئے جا سکیں گے ،صدر پی ٹی آئی بلوچستان

جمعرات 29 جون 2017 18:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا کہ این اے 260 کے ضمنی انتخابات میں صاف ستھرے کردار کے حامل امیدوار کی نامزدگی اس سرمایہ دارانہ سیاسی نظام کی شکست ہے جس میں سیاست کو کاروبار کی شکل دے کر پارلیمانی جماعتوں کے لئے مالی کفیل پیدا کئے جاتے ہیں جو اسمبلیوں میں پہنچ کر عوام کے حقوق پر سودے بازی کر کے خاموشی اختیار کرنے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں بلوچستان کے مسائل کو جس موثر انداز میں اجاگر کرے گی اس کے واضح اثرات محسوس کئے جا سکیں گے پی ٹی آئی نے پڑھے لکھے اور عوامی مسائل کا بہتر ادراک رکھنے والے امیدوار ڈاکٹر منیر بلوچ کی نامزدگی کر کے تبدیلی کے منشور کا عملی مظاہرہ کیا ہے این اے 260 کے عوام کو اپنے حال اور مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار ایک بار پھر ان کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے عوام مصلحتوں کے بجائے اپنے ضمیر کے مطابق حق و صداقت کا ساتھ دے کر کرپشن فری نئے بلوچستان کی بنیاد رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 260 کے ضمنی انتخابات سے متعلق انتخابی مہم کے منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سردار رند نے کہا کہ پیٹ پرستوں نے بلوچستان کو ترقی کے بجائے پسماندگی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلا جبکہ مذہب کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے جو گل کھلائے عوام ان کی اصلیت سے بھی بخوبی آگاہ ہیں پی ٹی آئی اقتدار میں آکر بلوچستان کے فیصلے بلوچستان میں ہی کرے گی صوبے کے ساحل و وسائل پر دسترس کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور نہ ہی محض چوکیدارانہ فرائض پر مبنی وزارتوں کے بدلے اجتماعی مفادات پر خاموشی اختیار کریں گے بلوچستان کے حقوق کی آئینی جنگ اسلام آباد کے ایوانوں میں لڑیں گے سردار رند نے کہا کہ این اے 260 پر بے داغ ماضی کے حامل امیدوار ڈاکٹر منیر بلوچ کی نامزدگی اس رویتی و خاندانی سیاست کے خاتمے کا عملی ثبوت ہے جس میں پارٹی ٹکٹیں خاندانی وابستگی اور مالی مفادات کو مدِنظر رکھتے ہوئے دی جاتی ہیں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار متوسط طبقے کا وہ رول ماڈل ہیں جن کی نامزدگی کرپشن فری پاکستان کے پختہ عزم و نظریئے کی بنیاد پر کی گئی ہے اور یہ نامزدگی عام انتخابات میں نئے چہروں کی خالصتاً میرٹ پر نمائندگی کا عکس ہے سردار یار محمد رند نے کہا کہ حلقہ این اے 260 کے باشعور عوام آزمائے ہوئے چہروں کے بجائے عوامی خدمت پر یقین رکھنے والے نوجوان ڈاکٹر منیر بلوچ کو ووٹ دے کر کامیابی سے ہمکنار کریں تاکہ کرپشن کی دلدل میں دھنسے بلوچستان کو کرپٹ عناصر سے نجات دلانے کے ویڑن کو عملی جامع پہنایا جا سکے اور بلوچستان کے وسائل کو مال پدر سمجھ کر لوٹ مار کر نے والوں کا محاسبہ ووٹ کی طاقت سے کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :