لاہور میں باران رحمت کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ،موسم خوشگوار ،لوگوں کے چہروں کھل اٹھے

عید کی چھٹیاں ختم ہونے کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے پارکوں ،دیگر تفریح مقامات کا رخ کیا مختلف شاہرائوں پر پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات ،ٹریفک بھی سست روی کا شکار رہی ، محکمہ موسمیات کی بارشوں کا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کی پیشگوئی

جمعرات 29 جون 2017 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) لاہور میں باران رحمت کا سلسلہ گزشتہ روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے شہر کو موسم خوشگوار ہا اور لوگوں کے چہروں کھل اٹھے ، عید کی چھٹیاں ختم ہونے کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے پارکوں اور دیگر تفریح مقامات کا رخ کیا تاہم مختلف شاہرائوں پر پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک بھی سست روی کا شکار رہی ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں گزشتہ روز بھی وقفے وقفے سے ہلکی بوندا باندی اور بادلوں کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار رہنے کے ساتھ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ۔ بارشوں کی وجہ سے گرمی کم ہونے کے باعث شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور وہ موسم کا لطف اٹھانے کے لئے پارکوں اور دیگر تفریح مقامات کا رخ کیا اور قدرت کے نظارے دیکھتے رہے۔

(جاری ہے)

بارش سے پھول پودے تروتازہ نظر آنے لگ گئے، شہری بھی کھابوں کے مزے اڑانے کے لیے مختلف دکانوں پر پہنچ گئے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم تو اچھا ہے مگر لوڈشیڈنگ اچھی نہیں، مزہ تو تب ہے جب بارش برسے اور بجلی بھی چلتی رہے۔دوسری جانب مختلف شاہرائوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک بھی سست روی کا شکار رہی ۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، سبی، قلات، کوئٹہ، لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش جھنگ میں110، اسلام آباد (سیدپور 54، بوکرہ 32، زیروپوائنٹ 28)، لاہور (سٹی52، ائیرپورٹ21، پنجاب یونیورسٹی12)، ساہیوال49، راولپنڈی (چکلالہ 39، شمس آباد 06)، چکوال 34، سرگودھا (سٹی33، ائیرپورٹ25)، ٹوبہ ٹیک سنگھ، نورپورتھل31، شورکوٹ30، کامرہ 25، سیالکوٹ (سٹی 24، ایئرپورٹ 20)، قصور 21، رحیم یار خان، گوجرانوالہ، اوکاڑہ10، فیصل آباد 07، لیہ،جوہرآباد، ملتان06، منگلا، مری، خانپور05، ڈی جی خان01 ، سبی56، کوئٹہ 09، خضدار08، موہنجوداڑو36، سکرنڈ26، شہید بینظیر آباد24، لارکانہ10، سکھر04، حیدرآباد، روہڑی02، مالم جبہ17، کوہاٹ 14، میرکھانی12، کالام08 ، دروش05، چراٹ 04، پشاور 03، سیدوشریف 01، کوٹلی39، راولاکوٹ 12، گڑھی ڈوپٹہ 04، چلاس01 ملی میٹر ریکارڈ گئی۔