وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو شاباش

عیدالفطر کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بہترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے‘شہبازشریف

جمعرات 29 جون 2017 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بہترین سیکورٹی انتظامات پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کوشاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے اجتماعات کے دوران شاندار سیکورٹی انتظامات پر پولیس قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی لائق ستائش رہی۔

عید کے موقع پر صوبائی کابینہ کمیٹی کے اراکین نے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے جس کے باعث شہریوں نے پرامن اور پرسکون ماحول میں نماز عیدالفطر ادا کی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی کے تمام اراکین نے دن رات محنت کر کے امن عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا اور صوبائی اداروں اور محکموں کے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈینیشن بہترین رہی ۔

(جاری ہے)

تمام متعلقہ اداروں، پولیس او رانتظامیہ نے مربوط اندازمیں کام کرتے ہوئے عیدالفطر کے موقع پر پر امن فضا کو یقینی بنایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسی جذبے ، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کے لئے کام کرنا ہے۔ تمام محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسی طرح مل کر کام کرتے ہوئے باہمی اتحاد سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔