صوبائی وزیرمحمد منشاء اللہ بٹ کا ایل او ایس سمن آباد ڈرین کی نا قص صفائی پر سخت اظہار برہمی

واسا کے اعلیٰ حکام کو متعلقہ افسران و اہلکاران کے خلاف یک طرفہ کارروائی عمل میں لا نے کی ہدایت

جمعرات 29 جون 2017 18:20

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2017ء)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے لارڈ مئیر لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید کے ہمراہ لاہور کے مختلف علاقوں میں گندے نالوں اور ڈرین کی اچانک چیکنگ کی۔ انہوں نے سب سے پہلے ایل او ایس سمن آباد ڈرینج کا معائنہ کیا ۔انہوں نے ڈرینج کی نا قص صفائی پر سخت اظہار برہمی کیا۔ جس پر انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اعلیٰ حکام کو متعلقہ افسران و اہلکاران کے خلاف یک طرفہ کاروائی عمل میں لا نے کی ہدایت کی۔

انہوں نے واسا افسران کو فوری مشینری لانے اور ڈرین کی صفائی کی بھی ہدایت کی۔قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات کی اچانک چیکنگ پر واسا افسران اور اہلکاران میں کھلبلی مچ گئی اور سب اپنی حاضری یقینی بنانے کے لئے موقع پر پہنچنا شروع ہو گئے۔

(جاری ہے)

جس پر صوبائی وزیرا ور لارڈ مئیر نے ان تمام کی سخت سر زنش کی۔انہوں نے واسا حکام کو سختی سے کہا کہ تما م افسران بارشوں کے موسم میں دفتروں میں بیٹھنا چھوڑ دیں اور عوام کو موسم کے رحم وکرم پر نہ چھوڑیںتمام ڈرینوں اور گندے نالوں میں نکاسی آب میں حائل رکاوٹوں کو متواتر دور کرتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ باقاعدہ طور پر تمام ڈرینوں اور گندے نالوں کی انسپکشن کرتے رہیں گے۔اگر کسی بھی مقام پر کوتاہی پائی گئی تو ایسا افسر یا اہلکار پیڈا ایکٹ کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہے۔انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کے اعلیٰ حکام کو بھی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عملہ صفائی کو کوڑا کرکٹ گندے نالوں اور ڈرینوں میں نہ پھینکنے کی ہدایت کرے۔انہوں نے تمام بلدیاتی افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ لوگوںمیں اپنے گھروں کا کوڑا کرکٹ عملہ صفائی کے حوالے کرنے اور گندے نالوں یا ڈرینوں میں نہ پھینکنے بارے مہم کا آغاز کریں۔