وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں بالخصوص خیبر پختونخوا کے حقوق غصب کر رہی ہے،سکندرشیرپائووزیر آبپاشی کے پی کے

جمعرات 29 جون 2017 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر خان شیر پائو نے پاڑہ چنارواقعہ کی شدید مذمت اور متاثرین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کے مطالبات پر فوری توجہ دیکر عوام کو مصیبت کی اس گھڑی میں ساتھ دینے کا ثبوت دیں۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کے موقع پر عوام کے ساتھ بلا تفریق برابری کی بنیاد پر حکومتی امداد فراہم ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایسے تفریق والے سلوک سے ہمارے احساس محرومی میں اضافہ ہوتا ہے اور ایسی زیادتیوں کی بناء پر وفاق کمزور ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاڑہ چنار بم دھماکوں کے متاثرین کئی دنوں سے دھرنا دئیے ہوئے ہیں جن کی طرف توجہ نہ دینا وفاقی حکومت کا نہایت غیر انسانی سلوک ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز وطن کور شیر پائو ضلع چارسدہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یونین کونسل بٹگرام سے عیسیٰ خان،محمد خلیل خان،احسان اللہ،محمد ظفیر خان،جاوید خان،شیراز اور محمد عامر نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ اس موقع پر پارٹی کے عہدیداروں،کارکنوں اور بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں باالخصوص خیبر پختونخوا کے حقوق غصب کر رہی ہے اور ہمارے اپنے وسائل ہوتے ہوئے بھی ہمیںبجلی،گیس اور دوسرے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا جبکہ دہشت گردی جیسے قومی مسئلے میں بھی ہمارے متاثرین کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جس کے خلاف قومی وطن پارٹی ہر فورم پر جدوجہد کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سکندر شیر پائو نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے وفاق کو منڈا ڈیم کی فوری تعمیر کے لئے اقدامات اٹھانے چاہئیں اور وزیر اعظم کو لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے کھوکھلے نعروں کی بجائے عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کا جواب دیناچاہیے۔

پانامہ کیس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاہم انہوں نے کہا کہ ایک ایشو پر توجہ دے کر دوسرے عوامی مسائل پس پشت ڈالنے سے قوم کا بہت بڑا نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے صوبوں کو اپنے حقوق کے لئے متفق ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے بعد ازاں سینئر صوبائی وزیر نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کا خیر مقدم کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں باالخصوص یو سی بٹگرام کی تنظیم اور نمائندوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین عوامی خدمات کی بدولت عوام دھڑا دھڑ قومی وطن پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کی حقیقی علمبردار جماعت ہے۔